راولپنڈی ، ہنگامہ آرائی سمیت دیگر الزامات کے تحت گرفتار 27 ملزمان کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھجوانے کا حکم

راولپنڈی (کرائم ڈیسک) سول جج جوڈیشل مجسٹریٹ چوہدری صداقت علی خان نے ہنگامہ آرائی سمیت دیگر الزامات کے تحت گرفتار 27ملزمان کو 14روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھجوانے کا حکم دیا ہے عدالت نے پولیس کی جانب سے ملزمان کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کر دی تھانہ نصیر آباد کی چوکی حمیدہ کے انچارج سب انسپکٹر محمد نواز نے شیر سکندر ، حیدر محمود ، بالاج خان ، احمد نعیم ، اسماعیل خان ، ثنا اللہ خان ، گل حسنین، حمزہ لطیف ،محمد ندیم ، محمد عثمان ، سجاد منیر سیف اللہ ،نعمان فہیم ، پیرزادہ ناصر، ارشاد ، ایاز خان ، قمر زمان ، فرہاد اللہ ، محمد وقاص ، خیام احمد ، خادم حسین ، اکمل قدیر ، محمد نبیل عارف ، محمد عامر ،قمر زمان ، صداقت خان او رعصمت اللہ پر مشتمل27ملزمان کو عدالت کے روبرو پیش کر کے موقف اختیار کیا کہ ملزمان کو گزشتہ روز گرفتار کیا گیا ہے جن سے مقدمہ کی تفتیش کرنا ہے لہٰذا ملزمان کا6یوم کا جسمانی ریمانڈ منظور کر کے پولیس کی تحویل میں دیا جائے اس موقع پر ملزمان کی جانب سے ملک فیصل ، ملک رضوان ، نبیل احمد ستی ، عاقل خان چوہدری سعید محمود اور غلام حسنین مرتضیٰ ایڈووکیٹس کے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر بھی عدالت میں موجود تھے ملزمان کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ان کی گرفتاری کی کوئی تاریخ ریکارڈ پر نہیں ہے جبکہ پولیس ہائی کورٹ کے سامنے بھی یہ کہہ چکی ہے کہ یہ ملزمان ان کی حراست میں نہیں ہیں عدالت میں پیش کردہ ایف آئی آررواں سال 19مارچ کی ہے جبکہ ملزمان کو 9مئی کے واقعہ کے بعد تھانہ آر اے بازار پولیس نے گرفتار کیا تاہم عدالت نے پولیس کی جانب سے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے تمام ملزمان کو 18ستمبر تک جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھجوا دیا یاد رہے کہ تھانہ نصیر آباد پولیس نے 19مارچ کو تعزیرات پاکستان کی دفعات 341، 188،186،148اور149کے تحت مقدمہ نمبر1249درج کیا تھا۔