دو درجن سے زائد ٹیچرز اور سٹاف سے زیادتی کرنے والا پرنسپل گرفتار

کراچی: (کرائم ڈیسک) گلشن حدید میں دو درجن سے زائد ٹیچرز اور سٹاف سے زیادتی کرنے والے پرنسپل کو گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس کے مطابق ملزم عرفان نے اپنا کوچنگ سینٹر قائم کر رکھا تھا، ملزم خواتین کو نوکری کا جھانسہ دے کر ان کے ساتھ زیادتی کرتا اور سی سی ٹی وی میں ویڈیو محفوظ کر لیتا تھا۔

ملزم کے موبائل فون سے 25 سے زائد ویڈیوز برآمد ہو گئیں، گرفتار ملزم اپنے سٹاف اور ٹیچرز سے بھی زیادتی کرتا تھا، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔

ایس ایس پی ملیر کے مطابق ملزم کے موبائل سے سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کر لی ہیں، ملزم کو پکڑنے میں شہریوں نے مدد کی، گرفتار ملزم بلیک میلنگ زیادتی اور دیگر واقعات میں ملوث ہے۔

گورنر سندھ کا نوٹس

گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری نے گلشن حدید کے نجی سکول میں طالبات سے جنسی ہراسگی کی خبر کا نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری سکول ایجوکیشن کو واقعہ کی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی۔

کامران ٹیسوری نے کہا کہ اس طرح کے واقعات کسی بھی صورت قابل قبول نہیں، انہوں نے ایڈیشنل آئی جی کراچی کو واقعہ میں ملوث افراد کے خلاف قانوں کے مطابق کارروائی کی ہدایت کر دی۔