پاکپتن میں بوڑھے باپ پر تشددکا دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، ناخلف بیٹے نے اراضی نہ دینے پر ساتھی کے ہمراہ بوڑھے باپ کو زمین پر لٹا کر تشدد کا نشانہ بنا ڈالا
پاکپتن (کرائم ڈیسک) ناخلف بیٹے نے 4 کنال اراضی کیلئے بوڑھے باپ کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔ تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ پاکپتن میں پیش آیا، جہاں ناخلف بیٹے نے بوڑھے باپ کو تشددکا نشانہ بنا ڈالا۔ ناخلف بیٹے نے اراضی نہ دینے پر ساتھی کے ہمراہ بوڑھے باپ کو زمین پر لٹا کر تشدد کا نشانہ بنایا۔ تشدد کے دوران ملزم باپ کو قتل کرکے لاش نہر میں پھینکنےکی دھمکیاں بھی دیتا رہا، اس موقع پر اس کی اہلیہ بھی ساتھ تھی جو کہ سسر کو گالیاں دیتی رہی۔
خون سفید ہونے کا یہ واقعہ پیش آیا پاکپتن میں تھانہ فرید نگر کے علاقے گلشن کالونی میں، پولیس کے مطابق فہد رسول اپنے ساتھی طیب کےہمراہ اپنے باپ غلام رسول کے گھر داخل ہوا اور پہلے زیورات اور کیش لوٹا، بھائی کو مارا پھر بوڑھے باپ کو زمین پر لٹا کر بےدردی سے جوتے اور پے در پے لاتیں ماریں۔
شور سن کر محلے داروں نے بوڑھے باپ کی جان خلاصی کرائی اور ملزمان کو کمرے میں بند کرکے پولیس کو اطلاع دی۔
پولیس نے دونوں ملزمان کو گرفتار کرکے والدغلام رسول کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل لودھراں میں بھی ایک ایسا ہی واقعہ پیش آیا تھا، جس کے بعد پولیس نے والدین کو تشدد کا نشانے بنانے والے بدبخت بیٹے کو گرفتار کر لیا تھا۔۔ پولیس نے اپنے ہی والد اور والدہ کو تشدد کا نشانہ بنانے والے بدبخت بیٹے کو گرفتار کرکے مقدمہ بھی درج کیا تھا۔ تھانہ سٹی پولیس حکام نے بتایا تھا کہ ملزم شاہ کے خلاف والدین تحفظ بل کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔