راولپنڈی (کرائم ڈیسک) ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب سہیل ظفر چٹھہ کی خصوصی ہدایت پر محکمہ اینٹی کرپشن راولپنڈی ریجن نے روات اراضی سنٹر پر چھاپہ مار کر سمندر پار پاکستانی کی اراضی دھوکہ دہی سے دوسرے فرد کو منتقل کرنے والے چار ملزمان گرفتار کر لئے۔تفصیلات کے مطابق محکمہ اینٹی کرپشن راولپنڈی ریجن کے ڈائریکٹر خالد یامین ستی نے اوورسیز پاکستانی کی زمین فراڈ کر کے کوڑیوں بھائو دوسرے فرد کے نام کرنے پر روات اراضی سنٹر پر دیگر افسران کے ہمراہ چھاپہ مار ا ۔
اس دوران اینٹی کرپشن راولپنڈی کے افسران سی او، شاہد شریف، گل شیراز، ثاقب، اسد اور دیگر اہلکاروں نے اراضی سہولت سنٹر روات پر چھاپہ مار کر 2 اے ڈی ایل آر اور ایک ایس سی او اور ایک پرائیویٹ شخص کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق محکمہ اینٹی کرپشن نے راجہ جاوید مسعود کی درخواست پر انکوائری میں ثابت ہونے کے بعد ملزمان کے خلاف زیر دفعہ 420-468-471-109-5_2-47 کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔
مقدمہ میں اراضی سہولت سنٹر روات کے 14 ملازمین شامل ہیں جن میں 6 اے ڈی ایل آر، 7 ایس سی او ز، ایک پٹواری اور ایک پرائیویٹ شخص شامل ہیں۔