راولپنڈی (کرائم ڈیسک) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے راولپنڈی کے باسیوں کو مردہ مرغیاں کھانے سے بچا لیا۔مرغی منڈی باغ سرداراں میں کارروائی کے در ان 2100 کلو مردہ مرغیاں موقع پر تلف کر دیں ۔پنجاب فوڈ اتھارٹی حکام کے مطابق خفیہ اطلاعات پر مرغی منڈی باغ سرداراں میں مردہ مرغیوں کا سپلائر رنگے ہاتھوں پکڑا گیا۔
گاڑی سے برآمد کی گئی مرغیوں کو نزدیکی گودام میں پہنچایا جا رہا تھا،تلف کی گئی مردہ مرغیاں مختلف موذی امراض کا شکار پائی گئیں۔مرغیوں کا موقع پر کوئی ریکارڈ فراہم نہیں کیا گیا،قواعد و ضوابط کی خلاف ورزیوں پر سپلائر کو 40 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ شہری پہلے سے ذبح شدہ مرغی کا گوشت خریدنے کے بجائے تازہ گوشت کو ترجیح دیں۔ غیر معیاری اشیا کی نشاندہی کیلئے ہیلپ لائن 1223 پر رابطہ کریں ۔