کراچی: (کرائم ڈیسک) کراچی میں چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں میں تیزی آ گئی، مختلف علاقوں میں شہریوں کو کروڑوں روپے کی نقدی اور قیمتی سامان سے محروم کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق شہر قائد کے علاقے سائٹ ایریا میں بینک کی دہلیز پر پٹرول پمپ کے کیشیئر کو لوٹ لیا گیا، بینک کے باہر پمپ کی گاڑی پہنچتے ہی تعاقب کرنے والے ملزمان بھی پہنچ گئے، کیشیئر نے ملزمان کو دیکھتے ہی دوڑ لگائی اور بینک میں داخل ہونے کی کوشش کی۔
ملزمان نے دروازے پر کیشیئر کو پکڑ کر اس سے رقم کے تھیلے چھین لیے، واردات کے دوران وہاں موجود بینک کے گارڈ نے ملزمان پر گولی چلانے کی کوشش کی لیکن گولی نہ چلی اور ملزمان باآسانی رقم لے کر فرار ہو گئے۔
دوسری واردات اورنگی ٹاؤن میں ہوئی جہاں پٹرول پمپ کے کیشیئرسے 30 لاکھ روپے لوٹ لیے گئے، واردات اس وقت ہوئی جب کیشیئر رقم جمع کروانے بینک کی طرف جا رہا تھا۔
ادھر گلزار ہجری کے علاقے میں چوری کی بڑی وردات ہوئی، ملزمان نے گھر کے تالے توڑ کر پانچ کروڑ مالیت کا سونا اور 25 لاکھ روپے کی رقم لوٹ لی۔
اہلخانہ کا کہنا ہے کہ گھر کے تمام افراد عمرے پر تھے، غیر موجودگی میں وردات ہوئی، پولیس نے شواہد جمع کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔