لاہور: (کرائم ڈیسک) آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر بیرون ملک مفرور خطرناک اشتہاریوں کے خلاف کریک ڈاؤن میں تیزی آگئی، قتل کے مقدمات میں مطلوب 02 خطرناک اشتہاریوں کو پنجاب پولیس بحرین سے گرفتار کر کے وطن واپس لے آئی۔
ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ رواں برس بیرون ملک سے گرفتار ہونے والے اشتہاریوں کی مجموعی تعداد 111 ہو گئی، گرفتار ہونے والے اشتہاریوں میں ذوالفقار علی سیالکوٹ پولیس، نور محمد فیصل آباد پولیس کو مطلوب تھا۔
پنجاب پولیس نے ملزمان کی وطن واپسی کیلئے انٹرپول سے دونوں کے ریڈ نوٹسز جاری کروائے، ملزمان کو قواعد و ضوابط مکمل کر کے بحرین سے وطن واپس لایا گیا، مزید کارروائی کیلئے متعلقہ پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر بیرون ملک مفرور اشتہاریوں کی گرفتاریوں کا سلسلہ جاری، ایف آئی اے اور انٹرپول کے تعاون سے قتل کے مقدمہ میں مطلوب 02 اشتہاری بحرین سے گرفتار، اب تک بیرون ملک سے گرفتار ہونیوالے اشتہاری ملزموں کی تعداد 111 ہوگئی۔ سپروائزری افسران سنگین جرائم… pic.twitter.com/l4XLkfExKG
— Punjab Police Official (@OfficialDPRPP) August 21, 2023
ترجمان کے مطابق آئی جی پنجاب نے اے کیٹیگری کے خطرناک اشتہاریوں کی گرفتاری کیلئے کریک ڈاؤن مزید تیز کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ سنگین جرائم میں ملزمان کو موثر فالو اپ اور انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں کے ذریعے پابند سلاسل کیا جائے۔
ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ ایف آئی اے ، انٹر پول و دیگر اداروں کے تعاون سے ملزمان کو جلد گرفتار کیا جائے، سپروائزری افسران سنگین جرائم میں ملوث اشتہاریوں کی گرفتاری کیلئے آپریشنز کی خود نگرانی کریں، اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کے حوالے سے رپورٹس باقاعدگی سے سنٹرل پولیس آفس بھجوائی جائیں۔