وفاقی دارالحکومت میں جگہ جگہ بھکاریوں کی بھرمار، انتظامیہ روکنے میں ناکام

اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) حکومتیں بدل گئیں مگر شہر اقتدار میں بھکاریوں کو کوئی لگام نہ ڈال سکا، قوانین کمزور ہونے کے باعث اسلام آباد میں بھکاری آزادانہ بھیک مانگنے میں مصروف ہیں۔

ٹریفک سگنل ہو یا تجارتی مرکز ہر جگہ جگہ بھکاریوں کے ڈیرے ہیں، مرد، خواتین اور بچے ہر عمر کے لوگ بھکاریوں کے روپ میں بھیک مانگتے ہوئے دکھائی دیتے ہیں، پولیس اور انتظامیہ نے 7 ماہ کے دوران ساڑھے 7 ہزار بھکاریوں کو گرفتار کیا جن میں 3826 لڑکے اور 3754 لڑکیاں شامل تھیں۔

1863 خواتین اور ساڑھے 12 سو سے زائد مرد پیشہ ور بھکاریوں کی فہرست میں شامل تھے، سہولت کاری کے الزام میں پانچ مقدمات درج کرکے 8 ٹھیکیداروں کو بھی جیل بھیجا گیا مگر بھکاریوں کے حوالے سے کوئی مضبوط قوانین نہ ہونے کی وجہ سے بھیک مانگنے کا سلسلہ نہ رک سکا

دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے 447 مردوں، 420 بھکاری عورتوں اور 7 خواجہ سراؤں کو بھکاری ایکٹ میں سزاؤں کیلئے چالان تیار کر کے مختلف عدالتوں میں جمع کرا دیئے ہیں۔