آئی جی اور سی سی پی او کیخلاف نا زیبا الفاظ استعمال کرنے والا اہلکار ذہنی مریض نکلا

پولیس نے کانسٹیبل شاہد کو پکڑ کر پاگل خانے منتقل کر دیا،اہلکار کے سر پر کچے میں آپریشن کے دوران گاڑی الٹنے سے چوٹ لگ گئی تھی،پولیس

لاہور (نیوز ڈیسک) آئی جی پنجاب اور سی سی پی او کیخلاف نا زیبا زبان استعمال کرنا پولیس اہلکار کو مہنگا پڑ گیا،پاگل خانے جا پہنچا۔ تفصیلات کے مطابق آئی جی پنجاب اور سی سی پی او کو گالیاں دینے والا پولیس اہلکار ذہنی بیمار نکلا،پولیس نے نا زیبا الفاظ استعمال کرنے پر کانسٹیبل شاہد کو پکڑ کر پاگل خانے منتقل کر دیا۔
پولیس کے مطابق تھانہ اسلام پورہ میں تعینات اہلکار 15 روز سے غیر حاضر تھا،اہلکار کے سر پر کچے میں آپریشن کے دوران گاڑی الٹنے سے چوٹ لگ گئی تھی۔ یاد رہے کہ لاہور میں ایک یوٹربر نے پولیس اہلکار شاہد کی دورانِ سفر ہیلمٹ نہ پہننے کی نشاندہی کی اور ویڈیو بنائی۔ اہلکار کو روکا گیا تو اس نے بے دریغ غیر شائستہ الفاظ استعمال کئے،آئی جی اور سی سی پی او لاہور کو بھی نہ بخشا۔ ویڈیو بنوانے والے شخص نے پولیس اہلکار کی موٹر سائیکل بغیر نمبر پلیٹ ہونے کی بھی نشاندہی کی اور قریب ہی موجود ٹریفک وارڈن کو چالان کرنے کا بھی کہا۔ پولیس اہلکار نے موقع پر موجود لوگوں کو تھپڑ مارے اور گالیاں بھی دیں۔