جاتلی کے علاقہ میانہ پھمبل میں ڈاکوئوں کی پولیس پارٹی پر فائرنگ،جوابی کارروائی سے ایک ڈاکو ہلاک ،ایک گرفتار

راولپنڈی (کرائم ڈیسک) تھانہ جاتلی کے علاقہ میانہ پھمبل میں موٹر سائیکل سوار ڈاکوئوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کردی،پولیس کی جوابی کارروائی سے ایک ڈاکو ہلاک اورایک گرفتارکرلیا گیا ہے۔پولیس ترجمان کے مطابق ہلاک ڈاکو کی شناخت شریف جبکہ گرفتار ڈاکو کی شناخت مدثر کے نام سے ہوئی، ڈاکوئوں کے زیر استعمال موٹر سائیکل اور اسلحہ برآمدکرلیاگیا ہے۔

پولیس نے موٹر سائیکل پر سوار تین افراد کو رکنے کا اشارہ کیا تو ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی، واقعہ کی اطلاع پر ایس پی صدر محمد نبیل کھوکھر پولیس نفری کے ہمراہ فوری موقع پر پہنچ گئے۔ ملزمان کے فرار ساتھی نے فرار ہوتے ہوئے ایک شہری سے موٹر سائیکل چھینا جس کی تلاش کے لئے آپریشن جاری ہے۔ ڈاکوئوں کی فائرنگ کے باوجود بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈاکو کی گرفتاری پر سی پی او سید خالد ہمدانی نے ایس پی صدر محمد نبیل کھوکھر، ایس ڈی پی او گوجرخان، ایس ایچ او جاتلی اور ٹیم کو شاباش دی اور کہا کہ شہریوں کے جان و مال پر حملہ کرنے والے قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے۔