فحش رقص کرنے والی 2اسٹیج اداکارائوں کے خلاف مقدمہ درج

سی سی پی او لاہور کا دونوں ڈانسرز شمع رانا ، پائل چوہدری کوگرفتار کرنے کا حکم

لاہور (کرائم ڈیسک) الحمراء ہال لاہور میں فحش رقص کرنے والی دو اداکارائوں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا جبکہ سی سی پی او لاہور بلال کمیانہ نے دونوں ڈانسرز کو گرفتار کرنے کا حکم دے دیا ۔تفصیلات کے مطابق اسٹیج ڈراموں کی آڑ میں فحش ڈانس کرنے والی اداکارائوں کے خلاف کریک ڈائون جاری ہے اور الحمراء لاہور میں فحش مجرہ کرنے والی دو ڈانسرز کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ۔

سی سی پی او لاہور بلال کمیانہ نے دونوں ڈانسرز کو گرفتار کرنے کا حکم دے دیا، جس کے بعد اداکارہ شمع رانا اور پائل چوہدری کو گرفتار کرنے کے لیے مختلف جگہوں پر چھاپے مارے گئے۔دونوں اداکارائوں کے بیہودہ ڈانسز کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھیں، جس میں ڈانسر شمع رانا نے اسٹیج ڈرامے میں فحاشی کی تمام حدیں پار کیں، جب کہ پائل چوہدری نے نوکر وہٹی دا سٹیج ڈرامے میں فحش اشارے اور بیہودہ ڈانس کیا تھا۔نگراں وزیراطلاعات عامر میر کی ہدایت پر دونوں ڈراموں اور دونوں ڈانسرز پر صوبہ بھر میں پابندی عائد کردی گئی ہے۔ جب کہ فحاشی پھیلانے والی اداکارائوں کے خلاف ایف آئی آرز کے اندراج کا اصولی فیصلہ کرلیا گیا ہے۔