تھانہ ٹیکسلا کی حدود میں پولیس موبائل پر فائرنگ،جوابی کارروائی سے حملہ آورزخمی

راولپنڈی (کرائم ڈیسک) تھانہ ٹیکسلا کے علاقہ میں موٹر سائیکل سوار ملزمان نے پولیس موبائل پر فائرنگ کردی۔ پولیس کی بروقت جوابی کارروائی سے ایک حملہ آور زخمی ہوگیا جسے گرفتار کرلیا گیا۔تفصیلات کے مطابق تھانہ ٹیکسلا کے علاقہ میں پولیس پٹرولنگ پارٹی نے مشکوک موٹر سائیکل سواروں کو روکا تو انہوں نے فائرنگ کر دی۔
پولیس نے تعاقب کر کے ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیاجبکہ دوسرا ملزم فائرنگ کرتا ہوا فرارہوگیا،گرفتار ملزم کی شناخت محمد امیر عرف میرو کے نام سے ہوئی،ملزم سے اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد ہوا، گرفتار ملزم ڈکیتی،اقدام قتل، ضرر سمیت متعدد مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ہے۔ واقعہ کی اطلاع پر سینئر پولیس افسران موقع پر پہنچ گئے، زخمی ملزم کو ہسپتال منتقل کردیا گیا، ملزم کے فرار ساتھی کی گرفتاری کے لئے سرچ آپریشن کیاگیا۔