آل پاکستان انجمن تاجران کا پرائیویٹ اسکولز کے احتجاج میں شرکت کا اعلان

لاہور (بیورو رپورٹ) آل پاکستان انجمن تاجران نے پرائیویٹ اسکولز کے احتجاج میں شرکت کا اعلان کردیا۔ تفصیلات کے مطابق انجمن تاجران کے صدر اجمل بلوچ نے کہا ہے کہ پرائیویٹ اسکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کا مطالبہ جائز ہے ، پرائیویٹ اسکولوں سمیت تمام سرکاری اسکول کھولے جائیں ، کیوں کہ پرائیویٹ اسکولز اور کاغذ انڈسٹری تباہی کے دہانے پر کھڑی ہے ، ملک بھر میں اساتذہ اور کاروباری طبقہ اس وقت سخت مشکلات کا شکار ہے جب کہ اسکولوں سے وابستہ کاروباری طبقہ شدید ترین متاثر ہوا ہے ، اس صورتحال میں ضروری ہے کہ حکومت تمام طبقات کو مشکلات سے نکالنے کے لیے فوری اقدامات کرے۔
یاد رہے کہ آل پاکستان پرائیوٹ اسکولز ایسوسی ایشنز کے صدر کاشف مرزا نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے باعث اسکولوں کی بندش کے خلاف پرائیوٹ اسکولز ایسوسی ایشنز 8 اپریل کو اسلام آباد تک مارچ کرے گی ، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تعلیمی ادارے بند تھے تو بچے والدین کے ساتھ پارک، گلیوں، بازاروں میں تھے، اسکولوں میں کورونا ضوابط پر عمل درآمد کیا جاتا ہے ، وزیرِاعظم عمران خان اور وزیرِتعلیم شفقت محمود نے خود کہا کہ اسکولوں میں کورونا وائرس کے ضوابط پر عمل کیا جا رہا ہے۔
جب کہ سپریم کونسل آف پرائیویٹ اسکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن نے 12 اپریل سے تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان کردیا ، سپریم کونسل آف آل پرائیویٹ اسکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن نے تعلیمی اداروں کی بندش کے خلاف دھرنا ختم کرتے ہوئے 12 اپریل سے تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان کردیا ، اس ضمن میں بتایا گیا ہے کہ نویں سے بارہویں تک کی تمام کلاسز 12 اپریل سے کھول دی جائیں گی ، کھولی گئی تمام کلاسز میں 50 فیصد حاضری کے ساتھ تعلیمی سلسلہ شروع کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں