جلالپورجٹاں، شادی کے7 ماہ بعد شوہر کے مبینہ تشدد سے بیوی کی جان چلی گئی

19 سالہ مقتولہ کے دادا نے ایف آئی آر میں مئوقف اپنایا کہ ڈیڈ باڈی پاکپتن پہنچی تو ٹانگوں اور پیٹ پر موجود کپڑے خون آلود پائے گئے، پولیس نے ملزم کو گرفتارکرکے باقاعدہ قانونی کاروائی شروع کردی

جلالپور جٹاں(کرائم ڈیسک) جلالپور جٹاں میں شادی کے صرف 7 ماہ بعد شوہر کے مبینہ تشدد سے بیوی کی موت واقع ہوگئی ، 19سالہ مقتولہ کے دادا نے ایف آئی آر میں مئوقف اپنایا کہ ڈیڈ باڈی پاکپتن پہنچی تو پیٹ پر موجود کپڑے خون آلود پائے گئے، پولیس نے ملزم کو گرفتارکرکے کاروائی شروع کردی ہے۔ تھانہ صدرجلالپور جٹاں میں درج ایف آئی آر کے مطابق شوہر کے مبینہ تشدد سے بیوی کی جان چلی گئی۔
اکلوتی اولاد 19 سالہ مقتولہ کائنات کے والدین فوت ہوچکے، چشتیاں کے رہائشی نوراحمد ولد عبداللہ نے اپنی سرپرستی میں سات ماہ قبل اپنی پوتی کائنات کی محمد عمران ولد شمس دین نامی لڑکے سے شادی کی تھی، جو کہ ملکہ ہانس پاکپتن کا رہائشی ہے، دونوں میاں بیوی گجرات میں جلالپور جٹاں میں ایک ڈیرے پر رہائش پذیر ہوگئے۔
مدعی مقدمہ نوراحمد نے ایف آئی آر میں مئوقف اپنایا کہ کائنات مجھے آئے روز فون پر بتاتی تھی کہ عمران تشدد کرتا ہے۔

11 جولائی صبح نماز فجر کے وقت میرے عزیز کو عمران نے فون پر بتایا کہ کائنات کی موت واقع ہوگئی ہے، اور وہ تدفین کیلئے میت لے کر پاکپتن آرہا ہے، میرے عزیز اللہ رکھا نے جب مجھے بتایا تو میں بھی پاکپتن پہنچ گیا، عمران تقریباً پانچ بجے میت لے کر وہاں پہنچ گیا، ڈیڈ باڈی ایمبولینس سے نکالی تو نعش مذکوریہ کی ٹانگوں اور پیٹ پر کپڑے خون آلود پائے۔
شوہر عمران نے پوچھنے اعتراف کیا کہ دونوں میں جھگڑا ہوا تھا ، کائنات زخمی ہوگئی تھی، مالک ڈیرہ کو بتایا تو اس نے دو کس نامعلوم اشخاص کو علاج معالجے کا کہا، جنہوں نے دوائی لا کر دی، تاہم کائنات زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔متعلقہ تھانہ صدر جلالپور جٹاں پولیس نے قتل کی دفعہ 302 کا مقدمہ درج کرکے ملزم عمران کو گرفتار کرلیا اور قانونی کاروائی شروع کردی ہے۔ مقدمے کے تفتیشی کا کہنا ہے کہ ابتدائی طوریہ کہنا کہ موت تشدد سے ہوئی توقبل ازوقت ہوگا ، سیمپلزمیڈیکل کیلئے بھیجے ہوئے ہیں، میڈیکل رپورٹ پر ہی حتمی نتیجہ اخذ کیا جاسکتا ہے۔