پولیس نے متاثرہ لڑکی کا بیان بھی ریکارڈ کر لیا
کراچی (کرائم ڈیسک) کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں سرعام لڑکی کے ساتھ نازیبا حرکت کرنے والے ملزم کو بالاخر گرفتار کر لیا گیا ۔پولیس کے مطابق خاتون سے غیر اخلاقی حرکت اور ہراساں کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔18 جولائی کو موٹر سائیکل سوار کی جانب سے لڑکی کے ساتھ نازیبا حرکت کرنے کا واقعہ پیش آیا تھا جس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی تھی ۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزم کا چہرہ بھی واضح طور پر دیکھا جا سکتا تھا ۔متاثرہ خاتون سے پولیس نے رابطہ کیا۔پولیس کے مطابق خاتون کا بیان ریکارڈ کر لیا گیا ہے اور ملزم کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی ۔ جب کہ 3جولائی کو بھی گلستان جوہر کے علاقے میں لڑکی کے ساتھ نازیبا واقعہ پیش آیا جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی وائرل ہوگئی۔
فوٹیج میں ملزم اپنی شناخت چھپانے کی غرض سے سرجیکل ماسک لگایا ہوا نظر آ رہا ہے جبکہ اس کی موٹر سائیکل بھی بغیر نمبر پلیٹ کی ہے۔
واقعے کے بعد پولیس نے متاثرہ لڑکی کو تلاش کیا لیکن اس نے قانونی کارروائی سے انکار کردیا جس کے بعد پولیس نے سرکاری مدعیت میں مقدمہ درج کیا اور اعلیٰ سطح کی کمیٹی بھی قائم کی پولیس نے ملزم کا خاکہ بھی بنوایا جس کی بنیاد پر کئی مشکوک افراد کو حراست میں لیا گیا لیکن اصل ملزم ہاتھ نہ آسکا۔ پولیس نے تقریباً 250 افراد کے بیانات قلمبند کیے اور 100 سے زائد سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کیں لیکن کسی میں بھی ملزم کا چہرہ واضح نہیں ہوسکا۔لڑکی کے ساتھ نازیبا حرکت کرنے والے ملزم کے بارے میں تاحال کوئی سراغ نہیں مل سکا ہے۔ رکن تحقیقاتی کمیٹٰی کا کہنا ہے کہ پولیس پوری کوشش کررہی ہے لیکن ملزم پولیس کے ہاتھ نہیں لگ سکا ہے