ملزم نے دورانِ تفتیش جرم کا اعتراف کر لیا،پوسٹمارٹم کے بعد لاشیں ورثاء کے حوالے کر دی گئیں،پولیس
مظفر گڑھ (کرائم ڈیسک) مظفر گڑھ میں تین بہنوں کا قتل،بڑے بھائی نے بہنوں کے قتل کا اعتراف کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق مظفر گڑھ کی تھرمل کالونی میں رہائشی کوارٹر سے تین بہنوں کی لاش ملنے کے واقعہ میں اہم پیشرفت ہوئی ہے، 3 سگی بہنوں کا قاتل ان کا بڑا ہی بھائی ہی نکلا،دورانِ تفتیش ملزم نے بہنوں کے قتل کا اعتراف کر لیا،واقعہ کی مزید تفتیش جاری ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جدید طریقہ استعمال کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کیا،ملزم کی شناخت باسط کے نام سے ہوئی۔ ملزم بہانے سے بہنوں کو قریبی خالی رہائشی کوارٹر میں لے گیا اور چھری کے وار سے ان کو قتل کر دیا۔ پوسٹ مارٹم کے بعد تینوں بہنوں کی لاشیں ورثاء کے حوالے کر دی گئیں۔ ڈی پی او حسنین حیدر کے مطابق ملزم نے بہنوں کی گمشدگی کی اطلاع بھی خود ہی پولیس کو دی تھی،ملزم کے ہاتھ پر زخم دیکھ کر اس پر ہوا۔
ملزم نے دورانِ تفتیش بتایا کہ والدین بہنوں سے زیادہ پیار کرتے تھے،پب جی کے باعث قتل میں آسانی ہوئی۔ یاد رہے کہ 7 سالہ فاطمہ،8 سالہ زہرہ اور 11 سالہ اریشہ کو قتل کیا گیا تھا۔ جبکہ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے مظفر گڑھ تھرمل کالونی سے 3 کمسن بہنوں کی لاشیں برآمد ہونے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی ڈی جی خان سے رپورٹ طلب کی تھی،آئی جی کی ہدایت پر ڈی پی او مظفر گڑھ سید حسنین حیدر نے جائے واردات کا دورہ کیا اور شواہد کا جائزہ لیا۔
آئی جی پنجاب نے واقعہ کی ہر پہلو سے تفتیش اور دستیاب شواہد کی مدد سے ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا۔ عثمان انور نے ہدایت کی کہ واقعہ کی اصل حقائق سامنے لائے جائیں اورملزمان کی گرفتاری کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں،آئی جی پنجاب عثمان انور نے تاندلیانوالہ میں فائرنگ سے تین افراد کی ہلاکت کے واقعہ کا نوٹس بھی لیا۔