کراچی: لیاری میں بھائی اور بھتیجوں کے ہاتھوں پولیس کانسٹیبل قتل

کراچی: (کرائم ڈیسک) شہر قائد کے علاقے لیاری، چاکیواڑہ میں بھائی اور بھتیجوں نے مل کر پولیس کانسٹیبل قتل کردیا۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے چاکیواڑہ، گلستان کالونی میں بھائی اور بھتیجوں نے اسماعیل نامی پولیس کانسٹیبل کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔

مقتول اسماعیل گارڈن ہیڈ کوارٹرز میں تعینات تھا، پولیس حکام کے مطابق مقتول کو اس کے بھائی گل زمین اور بھتیجوں نے گولیاں مار کر قتل کیا، مقتول کو 7 گولیاں ماری گئیں۔

واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق مقتول کے بڑے بھائی اور اس کے بیٹوں نے اسماعیل پر گلی میں تشدد کیا، جھگڑے کے دوران مقتول کے بھتیجے نے پستول نکالا اور اسماعیل پر فائر کر دیے، فوٹیج میں پولیس اہلکار اسماعیل کو زخمی حالت میں بھی مزاحمت کرتے ہوئے دیکھا گیا۔

مقتول کو گولیاں مارنے کے بعد اس پر ڈنڈوں اور سریوں کے واربھی کیے گئے، حملہ آوروں نے جاتے ہوئے مقتول کی موٹر سائیکل کو بھی آگ لگا دی۔ پولیس حکام کے مطابق پولیس کانسٹیبل کو جائیداد کے تنازع پر قتل کیا گیا ہے۔