نجف حمید کے گھر سے ایک کروڑ 7 لاکھ روپے نقد اور ایک آئی فون 13 پرو چوری ہوئے،ایف آئی آر میں دو گھریلو ملازمین کو نامزد کر دیا
چکوال (کرائم ڈیسک) سابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ فیض حمید کے بھائی نجف حمید کے گھر چوری ہو گئی۔نجف حمید کے گھر سے ایک کروڑ 7 لاکھ روپے نقد اور ایک آئی فون 13 پرو چوری ہو گئے۔نجف حمید نے اس حوالے سے ایف آئی آر بھی درج کرا دی ہے جس میں دو پرانے ملازمین کو نامزد کیا گیا ہے۔پولیس نے تھانہ نیلہ میں مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کر دیا۔
ایف آئی آر کے مطابق عاشق حسین اور مقصود احمد کو عرصہ دراز سے گھریلو ملازم رکھا ہوا ہے۔دو افراد گھر کی دیکھ بھال کرتے ہیں۔نجف حمید علاج کی غرض سے 6 اپریل کو لاہور گئے اور آپریشن کے بعد 24 اپریل کو چکوال میں آبائی گھر واپس پہنچے تھے۔علاج کے کاغذات رکھنے کے لیے اپنا سیف اور بریف کیس کھولا تو سیف میں ایک کروڑ روپے کی رقم اور بریف کیس میں 7 لاکھ روپے، ایک عدد آئی فون بھی غائب تھا۔
نجف حمید نے گھریلو ملازمین کا نامزد کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ملازمین طویل عرصے سے گھر کی دیکھ بھال کر رہے تھے ، میری غیر موجودگی میں گھر کی تمام ذمہ داریاں ان دو ملازمین پر تھیں جنہوں نے میری غیر موجودگی میں موبائل اور بھاری رقم غائب کر دی۔تمام گھر والوں سے انکوائری کے بعد دونوں ملازمین کو ذمہ دار ٹھہرایا گیا۔خیال رہے کہ فیض حمید کے بھائی نجف حمید اینٹی کرپشن کے ریڈار پر بھی ہیں۔
اینٹی کرپشن پنجاب نے لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید کے بھائی نجف حمید کی زیرملکیت زمینوں کا ریکارڈ طلب کیا تھا ۔سابق ڈی جی آئی ایس آئی کے بھائی نجف حمید نجف حمیدکی مبینہ کرپشن کے معاملے پر اینٹی کرپشن نے ڈپٹی کمشنر راولپنڈی اور چکوال کو خط لکھا تھا ۔ اینٹی کرپشن رولپنڈی کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا کہ نجف حمید کی زیر ملکیت زمینوں کا ریکارڈ فراہم کیا جائے، انہوں نے گردوار کے عہدے پر ترقی کیلئے کئی سینئرزکو سٴْپرسیڈ کیا ہے۔خط میں مزید کہا گیا کہ نجف حمید کے آمدن سے زائد اثاثوں میں انکوائری جاری ہے اور ان کی ملکیتی زمین کی تفصیل درکار ہے۔ واضح رہے کہ فیض حمید کے بھائی نجف حمید کو رواں سال 16 فروری کر نائب تحصیل دار کے عہدے سے معطل کیا گیا تھا۔