فوڈ سیفٹی ٹیموں کا عطاء محمد روڈ شاہین آباد میں واقع گھر میں لگے فیٹ رینڈرنگ یونٹ پر چھاپہ
416کلومضر صحت گھی ضبط ،حفظانِ صحت اصولوں کی سنگین خلاف ورزی پر مقدمہ درج،مالک گرفتار ۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی
گوجرانوالہ(کرائم ڈیسک) محلے کی تنگ گلیوں میں گھر میں چھپا جعلساز مافیا پنجاب فوڈ اتھارٹی کے شکنجے میں ۔ ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈاتھارٹی راجہ جہانگیر انورکی خصوصی ہدایات پر فوڈ سیفٹی ٹیموں کا عطاء محمد روڈ شاہین آباد میں واقع گھر میں لگے فیٹ رینڈرنگ یونٹ پر چھاپہ مارکرجانوروں کی آلائشوں سے تیار416کلومضر صحت گھی ضبط کرکےمقدمہ درج کرواکر ملزم گرفتار کرلیا گیا ۔ راجہ جہانگیر انور کے مطابق چولہا،پلنجر، ڈرم برتن،آئل سے بھرے ٹن بحق سرکارقبضہ میں لے لیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق رہائشی گھر کے بیڈ روم،سٹورمیں چھپ کر جانوروں کی چربی اور آلائشوں سے گھی تیار کیا جا رہا تھا۔فوڈاینڈ فیٹ رینڈرنگ لائسنس کے بغیر جانوروں کی چربی سے آئل تیار کیا جا رہا تھا-انتہائی لازم ریکارڈ بھی عدم موجودپایا گیا-ڈی جی فوڈ اتھارٹی راجہ جہانگیر انور کےمطابق حفظانِ صحت اصولوں کی سنگین خلاف ورزی پر مقدمہ درج،مالک کوموقع سے گرفتار کرلیا گیا-پنجاب فوڈ اتھارٹی قوانین کے مطابق چربی اور آلائشوں سے تیار تیل صرف بائیو ڈیزل بنانے میں استعمال کیا جا سکتا ہے۔فیٹ رینڈر آئل کا خوراک میں استعمال سنگین جرم ہے۔شہری اپنے اردگرد نظر رکھیں،جعلساز اور ملاوٹ مافیا کی نشاندہی کریں۔کسی بھی شکایت کی صورت میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ہیلپ لائن 1223 پر رابطہ کریں –