لڑکی کو ہراساں کرنے کا مقدمہ تھانہ گلستانِ جوہر میں سرکار کی مدعیت میں درج کر لیا گیا، ملزم کی گرفتاری کے لیے کوششیں تیز کر دی گئیں
کراچی (کرائم ڈیسک) کراچی کے علاقے گلستانِ جوہر میں لڑکی کو ہراساں کرنے کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔مقدمہ تھانہ گلستانِ جوہر میں سرکار کی مدعیت میں درج کیا گیا۔مقدمے کے متن میں کہا گیا کہ سوشل میڈیا پر ایک سی سی ٹی وی ویڈیو وائرل ہے ۔فوٹیج میں واضح ہے کہ لڑکے نے لڑکی پر حملہ کیا اور فرار ہو گیا۔فوٹیج میں لڑکے کو موٹرسائیکل پر فرار ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔
پولیس کے مطابق واقعے سے متعلق مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی گئی،اس ضمن میں مختلف افراد کے بیان لیے گئے ہیں۔گلستانِ جوہر پولیس کے مطابق متاثری لڑکی نے قانونی کارروائی سے منع کیا ہے تاہم حملہ کرنے والے شخص کو جلد گرفتار کیا جائے گا۔ گلستان جوہر بلاک 4 میں لڑکی کو ہراساں کرنے کرنے والے ملزم کی مزید فوٹیجز اور تفصیلات سامنے آ چکی ہیں۔
گلستان جوہر بلاک 4 میں تین روز قبل افسوسناک واقعہ پیش آیا تھا جہاں گلی میں عبایا پہن کر گذرتی لڑکی کو ایک اوباش لڑکے کی جانب سے حملہ کرکے شدید ہراساں کیا گیا۔ اس واقعے کی اہم فوٹیجز تو سامنے آچکی ہیں ۔ پولیس حکام کے مطابق واقعہ صبح 11:30 سے 11:40 کے درمیان پیش آیا تھا، پولیس کا کہنا ہے ابتدائی تحقیقات کے مطابق ایسا لگتا ہے کہ متاثرہ لڑکی گھروں میں کام کرتی ہے۔
فوٹیج میں لڑکی کو پہلے گلی میں بائیں جانب دکان کی طرف جاتے دیکھا جاسکتا ہے جہاں سے اس نے کچھ سامان خریدا اورخاتون کے واپس جاتے وقت ملزم کو پیچھا کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق ملزم شرمناک حرکت کرنے سے پہلے موقع ڈھونڈتا رہا، بظاہر ملزم نے حرکت کرنے سے قبل مکمل منصوبہ بندی کی تھی اور اپنی شناخت چھپانے کے لیے نا صرف فیس ماسک کا استعمال کیا بلکہ موٹرسائیکل کی نمبرپلیٹ بھی اتار دی تھی۔
پولیس حکام کے مطابق اب تک 20 کے قریب علاقہ مکینوں سے بیانات لیے گئے ہیں، ملزم کی مذید فوٹیجز اور تصاویر سرکولیٹ کردی گئی، جبکہ لڑکی سے متعلق علاقے کی ماسیوں سے تفصیلات حاصل کررہے ہیں تاکہ اس کو تحفظ کا احساس دلا کر اس کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا جاسکے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جلد ملزم کو گرفتار کرلیا جائےگا.