یوم تکبیر نوازشریف کی وطن کی مٹی سے وفا کی داستاں  

میاں محمّد نوازشریف سچے محب وطن پاکستانی ہیں ان کی رگ رگ میں وطن کی مٹی سے محبت رچی بسی ہے، ‏یوم تکبیر ہر سال میاں محمّد نوازشریف کی اپنی وطن کی مٹی سے وفا کی داستاں سناتا ہے۔ وہ داستاں جو وفاؤں سے شروع ہو کر جعلی سزاؤں پر ختم ہوتی ہے، مگر سلام ہے میاں محمّد نوازشریف تجھے کہ کوئی مشکل، کوئی قربانی قوم کی خدمت کی راہ میں رکاوٹ نہیں بننے دی۔

میاں محمّد نوازشریف جنہوں نے عالمی دباؤ کو یکسر مسترد کر دیا۔ اس وقت کے امریکی صدر بل کلنٹن نے پانچ دهمكی آمیز ٹیلی فون کالز کر کے اور پانچ ارب ڈالر امدادی پیکیج کے علاوہ میاں محمّد نوازشریف کے ذاتی اکاؤنٹ میں اربوں ڈالرز خفیہ طور پر ڈالنے کی پیشکش کر کے آپ کو خریدنے کی ناکام کوشش کی تھی لیکن شاید انہیں یہ معلوم نہیں تھا کہ میاں محمّد نوازشریف کو خریدا نہیں جا سکتا۔ 28 مئی 1998 کو ایٹمی دھماکے کرنے کی صورت میں پاکستان کو ایک طرف اقتصادی پابندیوں کی دھمکیاں دی جا رہی تھیں اور دوسری طرف اس اقدام کو عالمی طاقتوں کی طرف سے ناقابلِ معافی جرم کے طور پر پیش کیا جا رہا تھا۔ پاکستان مسلم لیگ ن کی قیادت نے، اس وقت کے وزیراعظم میاں محمّد نوازشریف نے اللہ تعالیٰ پر بھروسہ کر کے اور پاکستانی عوام کے جذبات کی ترجمانی کرتے ہوئے تمام چیلنجیز کو قبول کیا اور پاکستان کے وقار کا علم سر بلند رکھا، میاں محمّد نوازشریف نے عالمی دباؤ کو پس پشت ڈال کے ملک پاکستان کے دفاع کو ڈاکٹر عبدالقدیر خان اور دیگر ایٹمی سائنسدانوں کی مدد سے ناقابل تسخیر بنایا۔ 28 مئی یوم تکبیر ہماری عظمت، شان، وقار، قومی تاریخ اور 14 اگست 1947ء کے بعد دوسرا بڑا قومی دن ہے۔ 28 مئی 1998 وہ تاریخی دن ہے جب پاکستان نے بلوچستان میں چاغی کے مقام پر بھارت کے 5 ایٹمی دھماکوں کا جواب 6 ایٹمی دھماکے کر کے اس کا سارا غرور خاک میں ملا کر ملک و قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا تھا۔

اس طرح پاکستان دنیا کی ساتویں اور عالم اسلام کی پہلی ایٹمی قوت بن گیا یہ پاکستانی تاریخ کا سب سے بڑا کارنامہ تھا۔ یومِ تکبیر جہاں پاکستانی قوم کی بے مثال جرات اور بہادری کی علامت ہے وہاں پاکستان کے دشمنوں کے لیے بھی یہ واضح پیغام ہے کہ پاکستان کے خلاف جارحیت کا مظاہرہ کرنے والوں کا انجام عبرت ناک ہو گا۔ پاکستان کے ایٹمی قوت بننے سے جنوبی ایشیاء میں طاقت کا توازن پیدا ہوا اور اس طرح یہ پورے خطے کے لیے امن کی علامت بن گیا، اس سے خطے کے تمام چھوٹے ممالک نے سکھ کا سانس لیا۔ یاد رہے، پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے کا سہرا چار لوگوں کو جاتا ہے ذوالفقار علی بھٹو، میاں محمّد نوازشریف، ڈاکٹر عبدالقدیر خاں اور جنرل جہانگیر کرامت یہ چاروں پاکستان کے محسن تھے مگر ہم بڑے احسان فراموش ہیں ہم نے اپنے ان چاروں محسنوں کے ساتھ کوئی اچھا سلوک نہیں کیا۔ ذوالفقار علی بھٹو کو ایٹمی پروگرام شروع کرنے کی سزا پھانسی دی گئی، میاں محمّد ‏نوازشریف کو ایٹمی دھماکے کرنے پر اور قومی اسمبلی سے شریعت بل پاس کرانے پر جلاوطن کیا گیا۔

‏CPEC، گوادر پورٹ، موٹرویز مستحکم معیشت کرنے جیسے اہم کارناموں کے عوض نااہلیت سے لیکر جیل تک پہنچایا گیا۔ ڈاکٹر عبدالقدیر خان سے پوری دنیا کے سامنے میڈیا پر معافی منگوائی گئی اور تذلیل کی گئی انہیں نظر بند کیا گیا اور جنرل جہانگیر کرامت سے زبردستی استعفیٰ لیا گیا۔ آج ایٹمی قوت ہونے کے باوجود پاکستان معاشی مسائل سے دوچار ہے کیونکہ ملک و قوم کی ترقی اس کے معاشی استحکام سے جڑی ہے اس وقت پوری پاکستانی قوم میاں محمّد نوازشریف کو اپنا مسیحا سمجھتی ہے کیونکہ میاں محمّد نوازشریف نے ہی عالمی دباؤ کو رد کر کے ایٹمی دھماکے کر کے پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا اور یہ کریڈٹ رہتی دنیا تک کوئی ان سے نہیں چھین سکتا۔ پاکستانی عوام کو امید ہے کہ آنے والے وقت میں میاں محمّد نوازشریف کو عدلیہ سے ضرور ریلیف ملے گا جھوٹی سزائیں معطل ہونگی اور سیاسی مقدمات ختم ہونگے اور وہ چوتھی دفعہ وزیراعظم بن کر پاکستان میں معاشی دهماکہ کر کے اسے ایشین ٹائیگر بنائیں گے۔ اللہ کریم سے دعا ہے کہ ملک پاکستان کے دشمنوں کو نیست و نابود کرے اور تا قیامت اس کو قائم و دائم رکھے۔ آمین

کالم نگار کی رائے سے ادارے کا متفق ہونا ضروری نہیں-