کراچی(این این آئی) شہرقائد میں ہیٹ ویو کے چوتھے روزجمعہ کو بھی سمندری ہوائیں منقطع ہونے سے گرمی کی شدت میں اضافہ ریکارڈ کیاگیاجبکہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی سندھ نے کراچی میں آج( ہفتہ) 3 اپریل کو ہیٹ ویو کا خدشہ ظاہرکرتے ہوئے الرٹ جاری کردیاہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں ہیٹ ویوکے چوتھے روزسمندری ہوائیں منقطع ہوگئیں جس کے نتیجے میں
گرمی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق جمعہ کوزیادہ سے زیادہ درجہ حرارت41ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیاگیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں میں موسم گرم اورخشک رہے گا، بلوچستان کی شمال مغربی سمت سے گرم
وخشک ہوائیں چل رہی ہے۔دوسری جانب جبکہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی سندھ نے کراچی میں آج( ہفتہ) 3 اپریل کو ہیٹ ویو کا خدشہ ظاہرکرتے ہوئے الرٹ جاری کردیاہے۔ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی سندھ نے کراچی میں ہیٹ ویو الرٹ جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ شہر قائد میں 3 اپریل کو دن کے 11 بجے سے شام 4 بجے تک شدید گرمی کا امکان ہے۔چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے بتایا کہ ہیٹ ویو کا موجودہ اسپیل 3 اپریل تک رہے گا جبکہ 3 اپریل کو امکان ہے کہ درجہ حرارت 42 ڈگری تک چلا جائے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس دوران شہر میں بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔دریں اثنا شہر میں جاری شدید گرمی کے باعث جہاں دیگر شہری پریشان ہیں وہیں سڑکوں پر سخت ڈیوٹی دینے والے ٹریفک پولیس اہلکار بھی بے حال ہیں۔ایک ٹریفک اہلکار نے بتایا کہ ان کی 10 کلو وزنی جیکٹ ہے جو شرٹ سمیت پسینے میں بھیگ جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ بار بار پانی پینا پڑتا ہے اور اس شدید گرمی کے باعث ان کے جوتے بھی آگ کی طرح تپتے محسوس ہوتے ہیں۔واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے ہیٹ ویو الرٹ 5 روز کے لیے ہفتے تک جاری کیا تھا۔