قابل تجدید توانائی منصوبوں سے بجلی پیداوار میں نمایاں اضافہ

اسلام آباد: (کامرس ڈیسک) قابل تجدید توانائی کے 51 منصوبوں سے قومی گرڈ میں اب تک 2634 میگاواٹ اضافے کے نتیجے میں اضافی بجلی کی فراہمی کا آغاز ہو چکا ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق ملک بھر میں قابل تجدید توانائی کے منصوبوں کو موثر طور پر فروغ دیا جا رہا ہے اور سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں، حکومتی پالیسی کے تحت نجی شعبے کے سرمایہ کاروں کے ذریعے ان منصوبوں کو انڈیپنڈنٹ پاور پروڈیوسرز کی شکل میں آگے بڑھایا جا رہا ہے۔

گھریلو، تجارتی، صنعتی شعبوں میں صارفین کی سطح پر شمسی توانائی کی ٹیکنالوجی کے استعمال کی بھی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے، قابل تجدید توانائی منصوبوں کی تیز رفتار ترقی کے لیے کئی دیگر اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

نیٹ میٹرنگ کی بنیاد پر تنصیبات نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کے (متبادل اور قابل تجدید توانائی) تقسیم شدہ جنریشن اور نیٹ میٹرنگ ریگولیشنز کے قواعد 2015 کے تحت کی جارہی ہیں۔