روس نے یوکرین کے اہم شہر خیرسون پر قبضہ کرلیا

فوٹو: اے ایف پی

روسی افواج نے جنوبی یوکرین کے ایک اہم بندرگاہی شہر خیرسون پر قبضہ کر لیا۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق خیرسون کے میئر ایگور کولیخائیف نے بتایا کہ روسی فوجیوں نے زبردستی سٹی کونسل کی عمارت میں گھس کر رہائشیوں پر کرفیو نافذ کر دیا۔
اپنی فیس بک پوسٹ پر سٹی میئر نے پیغام جاری کیا کہ بحیرہ اسود سے متصل ساحلی شہر خیرسون پر روسی فوج نے قبضہ کرلیا، جس کی آبادی 2لاکھ 80ہزار سے زائد ہے۔
انہوں نے روسی فوج پر زور دیا کہ عام شہریوں کو نشانہ نہ بنایا جائے اور شہر میں یوکرین فورسز موجود نہیں ہیں۔
خیرسون کے میئر ایگور کولیخائیف نے مطالبہ کیا کہ شہری روسی افواج کی طرف سے مقرر کردہ شرائط پر عمل کریں تاکہ یوکرین کا پرچم شہر میں لہراتا رہے۔
روسی فوج کی شرائط
شہر میں رات 8بجے سے صبح 6بجے تک سخت کرفیو نافذ رہے گا
دو سے زائد افراد گھر سے باہر نہیں نکل سکیں گے
صرف خوراک، ادویات اور دیگر سامان لے جانے والی گاڑیوں کو شہر میں داخل ہونے کی اجازت ہوگی جبکہ گاڑیوں کی رفتار کم سے کم ہوگی
دوسری جانب، یوکرین کا دوسرا بڑا شہر خارکیف بھی فضائی حملوں کی زد میں ہے۔ میئر کے مطابق کروس میزائل اور شیلنگ سے کئی عمارتوں کو نقصان پہنچا جبکہ ہلاکتیں بھی ہوئی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں