ویمنز ورلڈ کپ 2022، اب ٹیم میں 9 کھلاڑی بھی کھیل سکیں گے

آئی سی سی نے کورونا کے خطرات کے پیش نظرویمنز ورلڈ کپ 2022 میں 9 پلیئرز کے ساتھ میچ کھیلنے کی اجازت دے دی ہے۔

آئی سی سی نے ویمنز ورلڈ کپ پر کورونا کے خدشات کے پیش نظر ٹیموں کو 9، 9 پلیئرز کے ساتھ میچ کھیلنے کی اجازت دے دی ہے۔
آئی سی سی کے مطابق فیلڈنگ میں اگر ضرورت پڑی تو کوچنگ اسٹاف بھی فلیلڈنگ کرسکے گا۔

یہ بھی پڑھیں: آئی سی سی نے ویمنز ورلڈ کپ 2022 کے شیڈول کا اعلان کردیا
آئی سی سی ایونٹ کے ہیڈ کرس ٹیٹلی کا کہنا ہے کہ ویمنز ورلڈ کپ میں 9 اے سائیڈ میچز کی اجازت ہوگی، کووڈ 19 کی وجہ سے آئی سی سی نے ٹورنامنٹ کو ممکن بنانے کے لیے یہ فیصلہ کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر ضرورت پڑی تو میچ 9 کھلاڑیوں کے ساتھ بھی کھیلا جاسکے گا جبکہ دو خواتین نان بیٹنگ اور نان بولنگ کے طور پر متبادل ہوں گی۔
متبادل کا انتخاب ٹیم مینجمنٹ سے ہوگا جو صرف فیلڈنگ کرسکیں گی، اسکواڈ پندرہ رکنی رہے گا جبکہ ٹریولنگ ریزرو کی سہولت موجود رہے گی اور میچز کو ری شیڈول کیا جاسکے گا۔
کرس ٹیٹلی کا کہنا ہے کہ چار سے پانچ ہفتے کے ٹورنامنٹ میں ممکن ہے کہ کووڈ کیسز ہوں جس کی وجہ سے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کی پرائز منی میں بڑا اضافہ
انہوں نے مزید کہا کہ ویمنز کرکٹ کے میگا ایونٹ کے مکمل انعقاد کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔
واضح رہے کہ آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ 4 مارچ سے نیوزی لینڈ میں شروع ہو رہا ہے، ایونٹ کا فائنل 3 اپریل کو کرائسٹ چرچ میں کھیلا جائے گا۔
خیال رہے کہ ویمنز ورلڈ کپ میں اب تک 9 کورونا کیسز سامنے آچکے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں