مذاکرات کیلئے ہمیں کسی کا کوئی پیغام نہیں ملا: بیرسٹر گوہر

اسلام آباد:( نیوز ڈیسک ) چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ ہمارے پاس کسی کا مذاکرات کے لیے کوئی پیغام نہیں آیا، ہماری کسی سے کوئی بات نہیں ہو رہی، 9مئی واقعات کی شفاف انکوائری کرائی جائے۔

راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو میں مرکزی رہنما پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ جو لوگ ہمارے مینڈیٹ چور ہیں، ان کے علاوہ سب سے بات ہوگی ، امید ہے کہ سپریم کورٹ سے مخصوص نشستوں پر ہمارے حق میں فیصلہ ہوگا۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ سارے کیسز سیاسی بنیادوں پر ہیں،ان کو کیسز میں کچھ نہیں مل رہا، یہ ایک اور بوگس کیس بنانے کی کوشش کر رہےہیں، ہمارے کیسز کے بروقت فیصلے کئے جائیں ، فیصلے بروقت نہ کرنا بھی ناانصافی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ 8 اپریل کو مخصوص نشستوں سے متعلق کیس کی سماعت ہے، ہمیں امید ہے کہ مخصوص نشستیں ہمیں قانون کے مطابق ملیں گی،امید ہے سپریم کورٹ ہماری مخصوص نشستیں بحال کرے گی۔

بیر سٹر گوہر نے کہا کہ عام انتخابات پر پی ٹی آئی نے وائٹ پیپر جاری کیا ہے، بانی پی ٹی آئی نے وائٹ پیپر کے اجرا پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

رہنما تحریک انصاف کا مزید کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے نہیں کہا کہ عدلیہ پر اعتماد نہیں، ہم عدلیہ کو مضبوط کرنا چاہتے ہیں، عمران خان کی درخواست ہےکہ انتخابات میں دھاندلی پر جوڈیشل کمیشن بنایا جائے۔