لاہور: (نیوز ڈیسک) سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ پنجاب میں کسانوں کا برا حال ہے، یہ حکومت کی ناکامی ہے، انہوں نے اضافی گندم منگوائی اور کسان کا نقصان کیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر کا کہنا تھا کہ نیب گندم خریداری کی انکوائری کرے، پنجاب پولیس سٹیٹ بنی ہوئی ہے، 8 فروری کا الیکشن لاہور سمیت ملک بھر میں پی ٹی آئی جیتی لیکن بتایا گیا کہ ووٹ دینے والے نہیں ووٹ گننے والے اہم ہیں۔
سابق سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ ہم آئین کے تحفظ کیلئے نکلے ہیں، ہم کراچی بھی جائیں گے، پی ٹی آئی کے تمام کارکنان اور لیڈرشپ کو رہا کیا جائے، 9 مئی ایک ڈرامہ تھا، عوام نے 9 مئی کا ڈرامہ 8 فروری کو زمین بوس کردیا۔
اسد قیصر نے کہا کہ جو 9 مئی میں ملوث ہیں ان کو قانون کے مطابق سزا ملے گی، کے پی کے حکومت کو فنڈ نہیں مل رہے، کے پی کے ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کو سپریم کورٹ میں موقع نہیں مل رہا۔