نجی بینک میں 5کروڑ روپے سے زائد جعلی کرنسی جمع کروانے والے 3ملازمین گرفتار

لاہور ( کرائم ڈیسک )وفاقی تحقیقاتی ادارے نے کارروائی کرتے ہوئے نجی بینک میں 5کروڑ روپے سے زائد جعلی کرنسی جمع کروانے والے تین بینک ملازمین کو گرفتار کر لیا۔ترجمان ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ہونے والوں میں برانچ منیجر شیر قدوس، آپریشن منیجر محمد عاطف اور سی ایس او عبدالرحمن شامل ہیں۔

ابتدائی تحقیقات میں ملزمان جعلی کرنسی کے کاروبار میں ملوث پائے گئے ہیں جو نوٹ بنانے میں استعمال ہونے والی سیاہی کا کاروبار بھی کرتے ہیں۔دوران تفتیش بینک میں تعینات کیشئر کے قوت سماعت سے محروم ہونے کا انکشاف ہوا ہے، جو پاکستان کی ڈیف کرکٹ ٹیم کا کھلاڑی بھی رہا ہے۔ایف آئی اے کی ٹیم نے کیشئر کا بیان بھی قلم بند کر لیا ہے۔ایف آئی اے نے دو روز قبل ملزم ہارون کو لاہور سے گرفتار کیا تھا جس پر پشاور بینک میں مبینہ طور پر 5کروڑ روپے سے زائد جعلی کرنسی جمع کروانے کا الزام ہے۔