اسلام آباد: ( نیوز ڈیسک ) پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج فائر فائٹرز کا عالمی دن منایا جا رہا ہے، یہ دن منانے کا مقصد فائر فائٹرز کی عظیم قربانی یاد کرنا، ان کا کردار اجاگر کرنا اور حقوق کا تحفظ کرنا ہے۔
پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج فائر فائٹرز کے عالمی دن پر عظیم قربانیوں اور خدمات کے اعتراف میں ان کو خراج تحسین پیش کیا جائے گا، بدقسمتی سے پاکستان میں ان ہیروز کو وہ مقام نہ مل سکا جس کے وہ حق دار ہیں۔
کراچی میں آگ لگنے کے واقعات میں شہریوں کے جان و مال کا تحفظ کرتے ہوئے 33 فائر فائٹرز شہید اور کئی جسمانی طور پر معذور ہو گئے، بلدیہ عظمیٰ کراچی کو درپیش مالی مشکلات اور دیگر وجوہات کے باعث فائر بریگیڈ اور فائر فائٹرز بنیادی سہولیات، واجبات اور دیگر حقوق سے محروم ہیں۔
فائر فائٹرز کا دن منانے کے ساتھ ساتھ ان کے مسائل کے جلد حل کیلئے اقدامات کیے جانا بھی ضروری ہیں، مئیر کراچی کا کہنا ہے کہ فائر فائٹرز ہمارے ہیرو ہیں، ان کی خدمات کے اعتراف میں بلدیہ عظمی کراچی کی جانب سے تمغہ حسن کارکردگی دیا جائے گا۔