پنجاب بھر میں ڈینگی مریضوں کی تعداد 12 ہزار سے تجاوز کرگئی

لاہور میں ڈینگی کے8 ہزار سے زائد کیسز سامنے آئے ہیں، پنجاب میں ڈینگی بخار سے40 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں، محکمہ صحت کا ڈینگی سے بچاؤ کی سرگرمیاں تیز کرنے کا حکم

لاہور(نیوز ڈیسک) پنجاب بھر میں ڈینگی کیسز کی تعداد 12 ہزار سے تجاوز کرگئی، لاہور میں ڈینگی کے8 ہزار سے زائد کیسز سامنے آئے ہیں، پنجاب میں ڈینگی بخار سے40 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں، محکمہ صحت کا ڈینگی سے بچاؤ کی سرگرمیاں تیز کرنے کا حکم دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئرعمران سکندر بلوچ کی ہدایت پر محکمہ صحت نے صوبہ بھر میں ڈینگی لاروا کو تلف کرنے اور افزائش روکنے کے لیے کارروائیاں تیزکردی ہیں۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبہ بھر سے ڈینگی کے 528 مریض رپورٹ ہوئے ہیں۔ گذشتہ روز لاہور سے ڈینگی کے 401 مریض رپورٹ ہوئے ہیں۔ گذشتہ روز راولپنڈی سے ڈینگی کے 50، گوجرانوالہ میں 14 جبکہ فیصل آباد میں 9 مریض رپورٹ ہوئے ہیں۔

گذشتہ روز اٹک، بہاولپور اور اوکاڑہ سے ڈینگی کے 5 پانچ مریض رپورٹ ہوئے ہیں۔ گذشتہ روز قصور، ملتان، ننکانہ صاحب، ساہیوال اور سرگودھا 4 چار مریض رپورٹ ہوئے ہیں۔

عمران سکندر بلوچ نے کہاکہ رواں سال پنجاب بھر سے اب تک ڈینگی کے کیسز کی تعداد 12,817 ہو چکی ہے۔ رواں سال لاہور سے اب تک ڈینگی کے 8,604 کیسز سامنے آئے ہیں۔ رواں سال پنجاب بھر میں ڈینگی بخار کے باعث 40 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران پنجاب میں ڈینگی بخار کے باعث 4 افراد کی ہلاکت واقع ہوئی ہے۔ گذشتہ روز ڈینگی سے ہلاک ہونے والے 4 افراد میں سے 3 کا تعلق لاہور جبکہ 1 کا تعلق گوجرانوالہ سے تھا۔
انہوں نے کہاکہ صوبہ بھر کے ہسپتالوں میں ڈینگی کے 2,336 مریض داخل ہیں۔ لاہور کے ہسپتالوں میں ڈینگی کے 1,461 مریض داخل ہیں۔ لاہور کے علاوہ صوبہ بھر کے ہسپتالوں میں ڈینگی کے 875 مریض داخل ہیں۔ پنجاب بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں اس وقت ڈینگی کے لئے 4,778 بستر مختص کئے گئے ہیں۔ ڈینگی کے مریضوں کی آسانی کیلئے لاہورکے ٹیچنگ ہسپتالوں میں بھی 283 بستروں کا اضافہ کیا گیاہے۔
پنجاب میں ڈینگی کیلئے مختص کئے گئے 2,336 بستروں پر مریض زیر علاج ہیں۔ لاہور میں ڈینگی کے مختص کئے گئے 1,461 بستروں پر مریض زیر علاج ہیں۔صوبائی سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر نے مزید کہا کہ خصوصاً بارش کا پانی رہائشی علاقوں میں نہ جمع ہونے دیں۔ گذشتہ روز محکمہ صحت کی ٹیموں نے پنجاب بھر میں 445,673 ان ڈور مقامات کو چیک کیا۔
گذشتہ روز پنجاب بھر میں محکمہ صحت کی ٹیموں نے 105,825 آؤٹ ڈور مقامات کوچیک کیا۔ گذشتہ روز پنجاب بھر میں 1,699 ان ڈور اور آؤٹ ڈور مقامات سے لاروا تلف کیا گیا۔ گذشتہ روز محکمہ صحت کی ٹیموں نے لاہورمیں 65,668 ان ڈور مقامات کو چیک کیا۔ گذشتہ روز محکمہ صحت کی ٹیموں نے لاہور میں 9,606 آؤٹ ڈور مقامات کوچیک کیا۔ گذشتہ روز لاہور میں 1,149 ان ڈور اور آؤٹ ڈور مقامات سے لاروا تلف کیا گیا۔
صوبائی سیکرٹری صحت عمران سکندربلوچ نے عوام سے کورونا کے ساتھ ساتھ ڈینگی سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر اپنانے کی اپیل کی۔انہوں نے پنجاب کے تمام علماء کرام سے مساجد میں آنے والے نمازیوں کو ڈینگی بارے آگاہی دینے کی بھی اپیل کی۔ عمران سکندر بلوچ نے کہاکہ ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے اپنے اردگرد کے ماحول کو صاف ستھرا رکھیں۔ گھر کے اندر اور باہر پانی کھڑا نہ ہونے دیں۔ عوام صفائی کا خیال رکھ کر ڈینگی مچھر کی افزائش کو روکنے میں اہم کردارکریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں