مہنگائی ملکی تاریخ کے تمام تر ریکارڈ توڑتی ہوئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ،حیدراآباد چیمبر

حیدرآباد(حالات نیوز ڈیسک) حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے صدر سلیم الدین قریشی اور سینئر نائب صدر محمد الطاف میمن نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ مہنگائی ملکی تاریخ کے تمام تر ریکارڈ توڑتی ہوئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے، حکومت کے اقتدار سے قبل تمام دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے، آج اشیائے ضروریہ آٹا، گھی، تیل، چینی وغیرہ غریب آدمی کی پہنچ سے کوسوں دور ہوگئیں ہیں۔
بجلی، گیس اور پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے سے اِن سے بننے والی مصنوعات میں بھی اضافہ ہوجاتا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ لاک ڈائون کے دوران تاجروں کو جن پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا اور بے روزگاری میں اضافہ ہوا کو مدِ نظر رکھتے ہوئے حکومت مہنگائی کے طوفان پر قابو پاتی۔

مگر افسوس مہنگائی کا جن قابو نہ ہوسکا اور اًب وہ جن اشیائے ضروریہ کی تمام تر چیزوں پر قابض ہوگیا، روزانہ کا کمانے والا انسان سخت پریشانی میں مبتلا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ اگر مہنگائی کا تسلسل اِسی طرح جاری رہا تو کاروبار کرنا انتہائی دُشوار ہوجائیگا کیونکہ جب خریدار میں قوت خرید ہی نہ ہوگی تو تاجر برادری کیسے اپنا کاروبار جاری رکھ سکے گی۔ اُنہوں نے وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور وزیر خزانہ شوکت ترین سے مطالبہ کیا ہے کہ مثبت معاشی پالیسیاں مرتب کی جائیں جس سے مہنگائی کے طوفان کو قابو کیا جائے اور اگر اِس طوفان کو قابو نہ کیا گیا تو یہ طوفان وہ سونامی لے کر آئے گا جو پھر حکومت کے قابو میں بھی نہ ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں