بلدیاتی انتخابات; وزیراعظم نے ملک بھر میں پارٹی کو متحرک کرنے کی ہدایت کر دی

اسلام آباد (حالات نیوز ڈسک) : بلدیاتی انتخابات کے لیے تحریک انصاف نے تیاریوں کا آغاز کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں انہوں نے ملک بھر میں پارٹی کو متحرک کرنے کی ہدایت کردی۔ وزیراعظم کی ہدایت پر چیف آرگنائزر سیف اللہ اور دیگر رہنما ملک گیر دورے کریں گے۔ ذرائع نے بتایا کہ سیف اللہ نیازی دوروں کی ابتدا جنوبی پنجاب سے کریں گے۔سینیٹر سیف اللہ خان نیازی 11 ستمبر کو بہاولنگر جائیں گے۔ جنوبی پنجاب کے دوروں میں سینیٹر عون عباس بپی بھی ہمراہ ہوں گے۔ دوروں میں سینیٹر سیف اللہ نیازی مقامی قیادت سے ملاقات کریں گے۔ دوروں میں سینیٹر سیف اللہ خان نیازی مقامی قیادت سے اور تحریک انصاف کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی سے ملاقاتیں کریں گے جن میں تنظیمی و انتظامی معاملات کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
یاد رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے گذشتہ ماہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کروانے کی ہدایت کی تھی۔ ذرائع کے مطابق پنجاب میں آئندہ سال مارچ سے اپریل کے درمیان 2 مراحل میں بلدیاتی انتخابات کروائے جانے کا امکان ہے۔ واضح رہے کہ ملک بھر میں 42 کنٹونمنٹ بورڈز میں بلدیاتی انتخابات کی سرگرمیاں تیز ہوگئیں۔ لاہور کے صرف 2 کنٹونمنٹ بورڈز کی 20 نشستوں کے لیے 270 امیدوار میدان میں اتر گئے۔
ہر کنٹونمنٹ بورڈ 12 منتخب نمائندوں سمیت 26 ارکان پر مشتمل ہوگا۔ 12 منتخب نمائندوں میں 10 جنرل نشستیں اور خواتین اور اقلیت کی ایک ایک نشست شامل ہے۔ ملک بھر کے ان کنٹونمنٹ بورڈز میں جماعتی بنیادوں پر بلدیاتی انتخابات کی پولنگ 12 ستمبر کو ہوگی۔ خیال رہے کہ کنٹونمنٹ بورڈ کے ہونے والے انتخابات میں اصل مقابلہ مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی کے درمیان ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں