سندھ ہائیکورٹ کے لارجر بینچ نے ملزم کی درخواست ضمانت 24اپریل کو سماعت کیلئے مقرر کردی، بنیادی حقوق سے متعلق معاملات آئینی بینچ میں سنے جاسکتے ہیں، عدالت
کراچی ( نیوز ڈیسک ) سندھ ہائیکورٹ کے لارجر بینچ نے منشیات کیس میں گرفتار ملزم ساحر کی درخواست ضمانت کو آئینی بینچ کا دائرہ سماعت قرار دے دیا ،عدالت نے ملزم ساحر کی درخواست ضمانت 24اپریل کو سماعت کیلئے مقرر کردی، سندھ ہائیکورٹ کے لارجر بینچ نے منشیات کیس میں گرفتار ملزم ساحر کی درخواست ضمانت کی سماعت کی۔عدالت نے قرار دیا کہ ملزم ساحر کی درخواست ضمانت آئینی بینچ کے سامنے سماعت کیلئے مقرر کی جائے۔
عدالت کا کہنا تھا کہ بنیادی حقوق سے متعلق معاملات آئینی بینچ میں سنے جاسکتے ہیں۔ ملزم کی درخواست ضمانت آئین کے آرٹیکل 199 سب سیکشن (l) (سی) میں آتی ہے۔ خیال رہے کہ اس سے قبل ویڈ برآمدگی کیس میں اداکار ساجد حسن کے بیٹے ملزم ساحر حسن سے ملنے والا موبائل فون فرانزک کیلئے بھجوا دیا گیا تھا۔
ملزم ساحر حسن کے دیگر ساتھیوں کو شامل تفتیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
تفتیشی ذرائع کا کہنا تھا کہ موبائل فون کی فرانزک کے بعد مزید نام بھی سامنے آ سکتے تھے۔ تفتیشی ذرائع کے مطابق ملزم بازل کی ٹریول ہسٹری بھی ایف آئی اے سے مانگی جائے گی۔ ملزم کے ساتھی ملک کے دیگر شہروں سے منشیات کانیٹ ورک آپریٹ کر رہے تھے۔ ملزم ساحر حسن کے ساتھی بازل ودیگر کو شامل تفتیش کیا جائے گا۔تفتیشی ذرائع کا یہ بھی کہنا تھا کہ 3 اہم ملزمان کیخلاف شواہد بھی حاصل کرلئے گئے تھے۔
لاہور،کراچی،اسلام آباد و دیگرشہروں سے منشیات کا نیٹ ورک آپریٹ ہو رہا تھا۔ ملزمان کو شامل تفتیش کرنے کیلئے عدالت سے بھی رجوع کرلیا گیا تھا۔ یاد رہے کہ چند روزقبل اداکار ساجد حسن کے بیٹے ساحر حسن کیخلاف منشیات برآمدگی کیس میں ملزم سے برآمد ہونے والی منشیات کی کیمیکل ایگزامینیشن رپورٹ منظر عام پر آ گئی تھی۔ کیمیکل ایگزامینیشن رپورٹ عدالت میں جمع کرادی گئی تھی۔
کراچی کی عدالت میں ملزم ساحر حسن کی گرفتاری اور منشیات برآمدگی کیس کی سماعت ہوئی تھی۔ پولیس حکام نے اپنی رپورٹ میں بتایا تھا کہ کیمیکل ایگزامینیشن رپورٹ میں تصدیق ہوئی تھی کہ ملزم سے برآمد ہونے والی منشیات اوریجنل ویڈ ہی تھی۔ذرائع کے مطابق ملزم ساحر سے برآمد منشیات کی مالیت چھیاسی لاکھ روپے سے زائد تھی۔پولیس حکام نے رپورٹ میں یہ بھی بتایا تھا کہ ملزم ساحر حسن کے قبضے سے گرفتاری کے وقت 557 گرام ویڈ برآمد ہوئی تھی جس کے بعد منشیات کو کیمیکل ایگزامینیشن کیلئے بھیجا گیا تھا۔ پولیس ذرائع کا یہ بھی کہنا تھا کہ برآمد منشیات ویڈ کیلیفورنیا کی تھی۔