ہماری غیر موجودگی میں جعلی پیر دم کرنے کے بہانے گھر آیا اور بیٹی کو زیادتی کا نشانہ بنایا؛ باپ کا ایف آئی آر میں الزام
بہاولنگر ( کرائم ڈیسک ) صوبہ پنجاب کے علاقہ بہاولنگر میں جعلی پیر نے مبینہ طور پر 14 سالہ لڑکی کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا، پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق تھانہ صدر ہارون آباد کی حدود میں جعلی پیر نے 14 سالہ لڑکی سے مبینہ زیادتی کی، جس کے خلاف پولیس نے متاثرہ لڑکی کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا، ایف آئی آر کے متن میں لڑکی کے باپ نے الزام عائد کیا ہے کہ اس کی غیر موجودگی میں جعلی پیر دم کرنے کے بہانے گھر آیا اور بیٹی کو زیادتی کا نشانہ بنایا، لڑکی کی طبیعت بگڑنے پر ملزم اسے اپنے گھر لے گیا اور رات بھر اس کا ریپ کرتا رہا۔
متاثرہ لڑکی نے اعلیٰ حکام سے انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’میڈیکل رپورٹ آنے کے باوجود پولیس نے ملزم کو ابھی تک گرفتار نہیں کیا ہے‘، جب کہ دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے اور مقصد کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے گئے۔