موٹروے کو پیدل عبور کرنا جرم قرار، مقدمات درج کرنے کا سلسلہ شروع ہو گیا

موٹروے پولیس نے شہریوں کو موٹروے پیدل عبور نہ کرنے کی تلقین کرتے ہوئے قانونی کاروائی سے متعلق خبردار کر دیا

لاہور ( نیوز ڈیسک ) موٹروے کو پیدل عبور کرنا جرم قرار، مقدمات درج کرنے کا سلسلہ شروع ہو گیا، موٹروے پولیس نے شہریوں کو موٹروے پیدل عبور نہ کرنے کی تلقین کرتے ہوئے قانونی کاروائی سے متعلق خبردار کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق موٹروے پولیس نے قومی شاہراہوں کو محفوظ بنانے کیلئے سخت اقدامات کا آغاز کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں اب ایسے افراد کیخلاف قانونی کاروائی کی جا رہی ہے جو موٹروے کو پیدل عبور کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
ترجمان موٹروے کے مطابق محفوظ شاہرات محفوظ پاکستان ہماری اولین ترجیح ہے، موٹروے پیدل کراس کرنا جان لیوا اور خطرناک حادثات کا سبب ہے، موٹروے کو پیدل کراس کرنے والے حادثات کا شکار ہو رہے ہیں۔ موٹروے پر پیدل کر اسنگ کرنا قانون کی خلاف ورزی ہے، روڈ یوزرز فٹ برج استعمال کر کےاپنی جان کی حفاظت کریں، ایک لمحے کی لاپرواہی زندگی بھر کا المیہ بنا سکتی ہے۔
بتایا گیا ہے کہ ایم 2 پر پیدل کراسنگ کے خلاف07 ایف آئی آر ز درج کروائی گئی ہیں، ایف آئی آر 290/291 تعزیرات پاکستان کے تحت کروائی جا رہی ہیں۔ دوسری جانب تین ماہ کے اندر دوسری بار موٹرویز اور ہائی ویز کے لیے ٹول ٹیکس میں 15 سے 50 فیصد تک اضافہ کر دیا، جو یکم اپریل سے نافذ العمل ہو گیا ہے، قبل ازیں، ٹول ٹیکس میں پہلا اضافہ 5 جنوری کو کیا گیا تھا۔
ایم1 اسلام آباد-پشاور موٹروے پر کاروں کے لیے ٹول 550 روپے مقرر کیا گیا ہے۔ایم3 لاہور-عبدالحکیم موٹروے پر فیس 700 روپے سے بڑھا کر 800 روپے کر دی گئی۔ ایم4 پنڈی بھٹیاں-فیصل آباد-ملتان موٹروے پر کاروں کے لیے ٹول 950 روپے سے بڑھا کر 1,050 روپے کر دیا گیا۔ایم5 ملتان-سکھر موٹروے پر فیس 1,100 روپے سے بڑھا کر 1,200 روپے کر دی گئی۔ ایم14 ڈی آئی خان-ہکلہ موٹروے پر کاروں کے لیے ٹول 600 روپے سے بڑھا کر 650 روپے کر دیا گیا۔
ای35 حسن ابدال-حویلیاں-مانسہرہ موٹروے پر کاروں کے لیے فیس 250 روپے سے بڑھا کر 300 روپے کر دی گئی۔ بڑے تجارتی اور مسافر بردار گاڑیوں کے لیے نیا ٹول ٹیکس 850 روپے سے لے کر 5,750 روپے تک مقرر کیا گیا ہے، جو گاڑی کی قسم اور روٹ کے حساب سے مختلف ہوگا۔