میرپور خاص،غیرت کے نام پر شوہر نے اپنی 7ماہ کی حاملہ بیوی سمیت 2 معصوم بچوں کو زندہ جلا دیا

خاتون اور بچوں کو زندہ جلانے والے شوہر اور اس کے تین بھائیوں کو گرفتار کرلیا گیا، پوسٹ مارٹم رپورٹ میں حاملہ خاتون اور بچوں کو ہاتھ پیر باندھ کر آگ لگانے اور تشدد کے شواہد ملے ہیں، پولیس

میر پورخاص ( کرائم ڈیسک ) سندھ کے علاقے میر پور خاص میں غیرت کے نام پر شوہر نے اپنی 7ماہ کی حاملہ بیوی سمیت 2معصوم بچوں کو زندہ جلا دیا،پولیس نے واقعہ کی اطلاع ملنے پر کارروائی کرتے ہوئے شوہر اور اس کے تین بھائیوں کو گرفتار کرلیا ،ملزمان نے غیر ت کے نام پر خاتون اور بچوں کو قتل کرنے کا اعتراف کرلیا،پولیس کاکہنا ہے کہ ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں تشدد کی تصدیق بھی ہوگئی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق سفاکیت کا افسوسناک واقعہ میر پور خاص کے سندھڑی کے گاوں ولی محمد منگریو میں پیش آیا۔جہاں ملزم ویجھوبھیل اور اس کے تین بھائیوں نے اپنی حاملہ بیوی مریم بھیل اوراپنے دو معصوم بچوں جن میں 2سالہ خوشحال اور 5سالہ ہرلال شامل ہیں ان کے ہاتھ پاﺅں باندھ کر انہیں زندہ جلا دیا۔
پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق 7 ماہ کی حاملہ خاتون اور اس کے بچوں کو ہاتھ پیر باندھ کر آگ لگانے اور تشدد کے شواہد ملے ہیں۔

میڈیکو لیگل افسر کاکہناہے کہ مقتولہ خاتون اور بچوں کے ہاتھ پیر باندھ کران کو آگ لگائی گئی جبکہ ان پر تشدد کے واضح نشانات بھی ملے ہیں۔ہسپتال انتظامیہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ پوسٹ مارٹم کے دوران خاتون کے پیٹ سے مردہ بچہ بھی نکالا گیا جبکہ 5 سال کے بچے ہرلال کے جسم پر بھی تشدد کے نشانات پائے گئے۔پولیس کے مطابق گزشتہ روز گھر میں آگ لگنے سے ماں اور 2 بچوں کی موت واقع ہوئی تھی ۔
پولیس نے بتایا کہ ملزم نے حاملہ خاتون مریم بھیل، 2 سال کے خوشحال،5 سال کے ہرلال کو قتل کیا۔پولیس نے حاملہ خاتون اور بچوں کے قتل کا مقدمہ خاتون کے بھائی کی مدعیت میں سندھڑی پولیس سٹیشن میں درج کرلیا اور کارروائی کرتے ہوئے مقتولہ اور بچوں کے قتل کے الزام میں ملزم ویجھوبھیل اور اس کے تین ساتھیوں کو گرفتار کرلیا۔ گرفتار شوہر نے اعتراف جرم کرتے ہوئے پولیس کوبتایا کہ اس نے اپنی 45 سال کی حاملہ بیوی کو غیرت کے نام پر قتل کیا۔پولیس نے واقعہ کی مزید تفتیش شروع کر دی ہے ۔