صدرمملکت کیخلاف نازیبا پوسٹ کرنے پرپولیس افسر گرفتار، ڈیوٹی افسرکی مدعیت میں مقدمہ درج

تفتیشی افسر ابرار شاہ نے فیس بک پر 2 اپریل کو پوسٹ کی تھی جس میں صدر پاکستان آصف علی زرداری کے خلاف نازیبا الفاظ لکھے گئے

کراچی ( کرائم ڈیسک ) صدرمملکت کیخلاف نازیبا پوسٹ کرنے والے پولیس افسر کوگرفتار کرکے اس کیخلاف مقدمہ درج کر لیا گیا،پولیس حکام کے مطابق پولیس افسر کیخلاف مقدمہ پیکا ایکٹ کے تحت سکھن تھانے کے ڈیوٹی افسر یعقوب کی مدعیت میں درج کیا گیا،پولیس کے مطابق تفتیشی افسر ابرار شاہ نے فیس بک پر 2 اپریل کو پوسٹ کی تھی جس میں صدر پاکستان آصف علی زرداری کے خلاف نازیبا الفاظ لکھے گئے۔
حکام کایہ بھی کہنا ہے کہ پولیس نے ایس آئی او ابرار شاہ کو گرفتار کر لیا۔ صدر مملکت کے خلاف پوسٹ کرنے والا افسر ایس آئی او ابراہیم حیدری میں تعینات ہے۔مقدمے کے متن میں مزید کہا گیا ہے کہ ابرار شاہ کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش تفتیشی افسر کو منتقل کی جارہی ہے۔
مقدمے کے متن کے مطابق ایس آئی او ابرار شاہ نے 2 اپریل کو سوشل میڈیا پر نازیبا الفاظ پوسٹ کئے۔

ابرار شاہ کی پوسٹ سے میری اور دیگر شہریوں کی دل آزاری ہوئی۔مقدمے کے متن ڈیوٹی افسر یعقوب اپنے موبائل فون پر لوگوں کے کمنٹس پڑھ رہا تھا۔ رات 8 بجکر 40 منٹ پر ابرار شاہ نے انگریزی میں کمنٹ لکھا۔ڈیوٹی افسر یعقوب کے بیان کے مطابق ابرار شاہ نے اہم عہدے پر براجمان شخصیت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے نازیبا تحریر درج کی جس سے میری اور دیگر شہریوں کی دل آزاری ہوئی، جبکہ یہ فعل پیکا ایکٹ کی دفعہ 504 اور پاکستان پینل کوڈ (پی پی سی) کی دفعہ 21 کے تحت آتا ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل ایڈیشنل سیشن جج سپیشل کورٹ اینٹی ریپ نے کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے پیکا ایکٹ کے تحت ملزم کو قید اور جرمانے کی سزا سنا دی تھی۔عدالت نے پیکا ایکٹ کے تحت ملزم کو مجموعی طور پر دس سال قید اور دس لاکھ روپے جرمانہ کی سزا دی گئی،جرمانے کی رقم ادا نہ کرنے پر مجرم کو ایک سال کی سزا مزید بھگتنا ہوگی۔طارق آباد کے رہائشی ملزم عثمان نے خاتون کی قابل اعتراض تصاویر سوشل میڈیا ایپ پر لوڈ کی تھیں۔ملزم نے خاتون کو بلیک میل کرکے رقم بھی وصول کی تھی۔