مصطفیٰ عامر کیس؛ ملزم ارمغان کے والد کامران قریشی منشیات فروشی کے الزام میں گرفتار

کنٹرول آف نارکوٹیکس سبسٹینس ایکٹ اور بلا لائسنس اسلحہ رکھنے کے تحت مقدمہ درج کرنے کے بعد تفتیش کا آغاز کردیا گیا

کراچی ( کرائم ڈیسک ) مصطفیٰ عامر قتل کیس میں پکڑے جانے والے ملزم ارمغان کے والد کامران قریشی کو منشیات فروشی کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق اے وی سی، سی سی آئی اے پولیس نے کراچی کے علاقے ڈیفنس میں کارروائی کرکے منشیات فروشی میں ملوث ملزم کامران قریشی کو گرفتار کیا، ملزم سے منشیات اور غیر قانونی اسلحہ بھی برآمد ہوا، اس سلسلے میں اے وی سی سی پولیس نے خفیہ اطلاع پر 7th سٹریٹ، بنگلہ نمبر 35، خیابان مومن فیز 5، گزری کراچی میں کارروائی کی۔
پولیس حکام نے بتایا کہ گرفتار ملزم کا نام کامران اصغر قریشی ولد اصغر قریشی ہے، ملزم کے قبضہ سے 200 گرام آئس اور ایک 9 ایم ایم پسٹل بمعہ 2 میگزین 10 گولیاں برآمد ہوئی، گرفتار ملزم کے خلاف کنٹرول آف نارکوٹیکس سبسٹینس ایکٹ اور بلا لائسنس اسلحہ رکھنے کے تحت مقدمہ درج کرنے کے بعد اس حوالے سے تفتیش کا آغاز کردیا گیا۔
چند روز قبل مصطفیٰ عامر قتل کیس کے ملزم ارمغان کے والد نے پبلک پراسیکوٹر کو دھمکیاں بھی دی تھیں، مصطفیٰ عامر قتل کیس میں ملزم ارمغان کے والد کامران قریشی کی کیس کے سپیشل پبلک پراسیکیوٹر ذوالفقارعلی آرائیں کو مبینہ دھمکی کے حوالے سے متعلقہ حکام کو آگاہ کیا گیا، اس حوالے سے سپیشل پبلک پراسیکوٹر نے خود متعلقہ حکام کو بتایا کہ کامران اصفر قریشی نے گزشتہ سماعت پر ملزم ارمغان کی پیشی کے بعد اے ٹی سی جیل کے کمرہ عدالت میں دھکمی دی اور کہا ’میں تم لوگوں کو دیکھ لوں گا‘۔

بتایا گیا ہے کہ ملزم ارمغان جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں ہے، عدالت نے ملزم ارمغان کے وکلاء کی درخواست پر والدین سے کمرہ عدالت میں ملاقات کی اجازت دی تھی جہاں دھمکی دی گئی، جس کے بعد سپیشل پبلک پراسیکیوٹر نے ملزم ارمغان کے والد کی دھکمی کے بارے میں حکام کو آگاہ کیا تاہم اس سلسلے میں پولیس حکام کی جانب سے کامران قریشی کے خلاف کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی تھی۔