مجھے گھر پر نجی کوریئرکمپنیوں کے ذریعے ویڈ ملتی تھی اور مجھے سپلائی کی جانے والی ویڈ کیلی فورنیا امریکہ سے منگوائی جاتی ہے؛ ملزم کا بیان
کراچی ( کرائم ڈیسک ) مصطفیٰ عامر قتل کیس کی تحقیقات کے دوران ویڈ کی فروخت کے الزام میں معروف اداکار ساجد حسن کے گرفتار کیے جانے والے بیٹے ساحرحسن نے مزید انکشافات کر دیئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ملزم نے تفتیش کے دوران بتایا کہ میری 2017ء میں ارمغان سے پہلی ملاقات ہوئی، ارمغان 2016ء سے منشیات فروخت کر رہا تھا، ارمغان کی جیل میں بلال ٹینشن سے ملاقات ہوئی تھی، میں ارمغان کا کبھی بھی دوست نہیں رہا، میری دوستی مصطفیٰ عامر سے تھی، مصطفیٰ عامرسے پہلی ملاقات 2022 میں ایک دوست معظم پٹیل نے کرائی تھی، میں اور مصطفیٰ عامر پینے کے لیے ویڈ ایک دوسرے کو دیتے رہتے تھے۔
ساحر حسن کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں ایک دوست یحییٰ کے ذریعے ویڈ منگواتا تھا، یحییٰ کا کزن میرا دوست تھا اسی کے ذریعے رابطہ ہوا، مجھے گھر پر نجی کوریئرکمپنیوں کے ذریعے ویڈ ملتی تھی اور مجھے سپلائی کی جانے والی ویڈ کیلی فورنیا امریکہ سے منگوائی جاتی ہے۔
بتایا جارہا ہے کہ مصطفیٰ عامر قتل کیس میں سی آئی اے پولیس نے اداکار ساجد حسن کے بیٹے ساحر حسن کو گرفتار کیا جس کے قبضے سے 50 لاکھ روپے مالیت کی منشیات برآمد ہوئی، تفتیش میں ساحر حسن نے گزشتہ دو سال سے منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کیا، ملزم ساحر حسن سے تفتیش کے بعد لسٹ تیار کرلی گئی ہے جس کی روشنی میں منشیات فروشی کا نیٹ ورک توڑنے کی حکمت عملی بھی بن گئی، پولیس کی جانب سے کارروائیاں کی جارہی ہیں، اسی سلسلے میں سپیشلائزڈ یونٹ نے ساحر حسن سے تفتیش کے بعد ایک لسٹ تیار کرتے ہوئے منشیات فروشی کے نیٹ ورک کو توڑنے کی حکمت عملی بنائی ہے۔
تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹی وی اداکار ساجد حسن کے منیجر کو بھی اس معاملے میں شامل تفتیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے کیوں کہ ساحر حسن آن لائن تمام رقم منیجر مکرم کے اکاونٹ میں ہی منگواتا تھا، میر مکرم علی کے منشیات کے کاروبار سے تعلق کی کی تحقیقات کی جا رہی ہیں، ویڈ کی کتنی رقم آج تک مکرم کے اکاونٹ میں آئی؟ اس کا بھی پتا چلایا جائے گا جس کے لیے مکرم علی کے بینک اکاونٹس کی مکمل ہسٹری چیک کی جائے گی۔