پولیس نے خاتون کے شوہر کو گرفتار کرلیا، ملزم فیکٹری میں ملازمت کرتا ہے، جس کی دوسری خواتین سے دوستی تھی
کراچی ( کرائم ڈیسک ) صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں دوسری خواتین سے بات کرنے سے روکنے کی معمولی بات پر سفاک شوہر نے اپنی بیوی کو پیٹرول چھڑک کر زندہ جلا ڈالا، پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ کورنگی صنعتی ایریا تھانے کے علاقے مہران ٹاؤن میں پیش آیا جہاں سفاک شوہر نے بیوی کو تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد اس پر پیٹرول چھڑک کرآگ لگادی، آگ سے رابعہ نامی خاتون جھلس کر شدید زخمی ہوگئی جس کو فوری سول ہسپتال کے برنس وارڈ منتقل کردیا گیا، جس سے پہلے ہی متاثرہ خاتون 40 فیصد جھلس چکی تھی۔
بتایا گیا ہے کہ واقعے کا مقدمہ متاثرہ خاتون کی مدعیت میں کورنگی صنعتی ایریا تھانے میں اقدام قتل کی دفعہ کے تحت درج کرلیا گیا، اس حوالے سے متاثرہ خاتون نے پولیس کو بتایا کہ 2 سال قبل وقاص سے پسند کی شادی کی تھی، شادی کے بعد سے ہی وقاص کا رویہ ٹھیک نہیں تھا، ان کی کوئی اولاد نہیں ہے اور شوہر وقاص اکثر مارپیٹ اور تشدد کا نشانہ بناتا تھا، شوہر وقاص کے دوسری خواتین سے تعلقات بھی تھے۔
خاتون کا کہنا ہے کہ 14 مارچ کو شوہر رات دیرتک گھرنہیں آیا توآمنہ نامی لڑکی کے نمبر پر کال کی تو فون وقاص نے اٹھایا اور طیش میں آکر گالیاں دینے لگا، وقاص رات 11 بج کر 45 پر گھرآیا، اس نے پہلے مجھ پرتشدد کیا اور پھر پیٹرول چھڑک کر آگ لگادی، جس کے بعد وقاص نے ہمیں دھمکیاں دی ہیں کہ اگر اس واقعے کا مقدمہ درج کرایا تو بہت پچھتاؤ گے، ہم اعلیٰ حکام سے انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کرتے ہیں۔
واقعے سے متعلق پولیس نے بتایا کہ یہ واقعہ 14 مارچ کو پیش آیا اور 16 مارچ کو اس کا مقدمہ درج کرلیا گیا، مقدمے کے اندراج کے بعد تفتیش انویسٹی گیشن پولیس کے سپرد کردی تھی، جس نے منگل کی صبح عظیم پورہ کےعلاقے میں کارروائی کرتے ہوئے متاثرہ خاتون کے شوہر وقاص کو گرفتار کرلیا، گرفتار ملزم فیکٹری میں ملازمت کرتا ہے، ملزم کی دوسری خواتین سے دوستی تھی اور بیوی کے منع کرنے پر ملزم وقاص نے اس پرپیٹرول چھڑک کر آگ لگا دی۔