بورے والا میں پیزا خریدنے پر ایک شخص نے سگی بیٹی کو قتل کر دیا

واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی، جاں بحق اور زخمی لڑکی کو مقامی ہسپتال منتقل کیا

بورے والا ( کرائم ڈیسک ) صوبہ پنجاب کے شہر بورے والا میں پیزا خریدنے پر ایک شخص نے سگی بیٹی کو قتل کر دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بورے والا میں نام نہاد غیرت کے نام پر پیر کے روز ایک شخص نے پیزا خریدنے گھر سے باہر جانے پر اپنی بیٹی کو گولی مار کر قتل اور اپنی بھانجی کو شدید زخمی کر دیا۔ اس حوالے سے مقتولین کے ایک چچا جس کی بعد میں شناخت زبیر کے نام سے ہوئی انہوں نے بتایا کہ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب مشتعل شخص نے دونوں لڑکیوں پر فرار ہونے کی کوشش کرنے کا الزام لگایا اور بعد میں ان پر فائرنگ کردی جب کہ یہ دونوں لڑکیاں اپنے گھر سے باہر ایک دکان سے پیزا خریدنے گئی تھیں۔
بتایا گیا ہے کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی، جاں بحق اور زخمی لڑکیوں کو مقامی ہسپتال منتقل کیا اور پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی۔
مختلف رپورٹس سے معلوم ہوتا ہے کہ پاکستان میں خواتین اور بچوں سمیت تقریباً 5000 افراد کو غیرت کے نام پر قتل کیا جا چکا ہے، غیرت کے نام پر قتل ایک ایسا عمل ہے جس میں خاندان کے افراد بنیادی طور پر خواتین کو سماجی یا خاندانی توقعات کے خلاف سمجھی جانے والی خلاف ورزیوں کے الزام میں اکثر مہلک سزا دی جاتی ہے، یہ سزا عام طور پر ان خواتین کو نشانہ بناتی ہے جو اپنی خواہشات کا اظہار کرنے کی ہمت کرتی ہیں۔