ماہِ مقدس میں ملاوٹ مافیا کیخلاف فوڈ اتھارٹی کا لاہور کے مختلف علاقوں میں گرینڈ آپریشنز

11پوائنٹس کو11لاکھ روپے سے زائد کے جرمانے عائد، مقدمات درج، 4 ہزار کلو ناقص سموسہ پٹی، 500 لٹر جعلی دودھ، 400 کلو پاؤڈر، 1من ناقص آئل تلف کردیا گیا

لاہور ( نیوز ڈیسک ) ماہِ مقدس میں ملاوٹ مافیا کی شامت آ گئی، خوراک کے معیار پر زیرو ٹالرینس پالیسی کا عملی نفاذ کر دیا گیا، ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے حکم پر ایڈیشنل ڈی جیز، ڈائریکٹرز اور ایڈیشنل ڈائریکٹرز نے لاہور بھر میں گرینڈ آپریشنز کیے، تفصیلات کے مطابق مزنگ ، نشتر، کماہاں روڈ، شیر شاہ روڈ، گلبرگ، فتح گڑھ، عزیز بھٹی ٹاؤن، بلال ٹاؤن، مال روڈ سمیت مختلف علاقوں میں کریک ڈاؤن کے دوران 18فوڈ پوائنٹس اور یونٹس کی چیکنگ کی گئی اور 2 یونٹس بند کر کے مقدمہ درج کروا دیا گیا، ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے بتایا 11پوائنٹس کو11لاکھ سے زائد کے جرمانے عائد کیے گئے اور 4ہزار کلو ناقص (ڈوہ) سموسہ پٹی، 500 لٹر جعلی دودھ، 400 کلو پاؤڈر، ایک من ناقص آئل تلف کی گئیں، شیر شاہ روڈ پر یونٹ سے 500 لیٹر جعلی دودھ برآمد کر کے تلف کیا گیا، ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے مطابق سموسہ پٹی کے لئے آٹا (ڈوہ) بنانے والے یونٹ کو قوانین کی خلاف ورزی پربند کر دیا گیا۔
صفائی کے ناقص انتظامات پر فوڈ پوائنٹس کوجرمانے عائد کیے گئے، یونٹس میں حشرات کی بھرمار، ثموثہ پٹی کی تیار میں نل کا پانی استعمال کیا جارہا تھا،ورکرز کی صفائی صفر، پٹی کٹنگ کے لیے گندا نان فوڈ گریڈ بورڈ کا استعمال کیا جا رہا تھا۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے کہا کھلے پروڈکشن ایریا میں گندے بدبودار فریزر،واٹر فلٹریشن ریکارڈ عدم موجود پایا گیا، جعلی دودھ اور ناقص اشیاء کا استعمال معدہ جگر کو متاثر کرسکتا ہے،وزیر اعلیٰ پنجاب کے حکم پر فوڈ سیفٹی ٹیمیں 3 شفٹوں میں 24 گھنٹے متحرک ہیں، فوڈ سیفٹی ٹیموں کے ساتھ تمام آفسران فیلڈ آپریشنز کی نگرانی کر رہے ہیں۔
وزیر اعلی پنجاب کے ویژن کیمطابق عوام تک معیاری خوراک کی فراہمی کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔پیور فوڈ ریگولیشنز پر عمل درآمد نہ کرنے والے فوڈ پوائنٹس بند کر دیے جائیں گے، شہری اشیاء خورونوش کی خرید سے قبل لیبل لازمی پڑھیں، شکایت کی صورت میں 1223 پر اطلاع دیں۔