انسداد دہشتگردی عدالت کراچی نے شریک ملزم شیراز کو جوڈیشل ریمانڈ پرجیل بھجوا دیا،سینٹرل جیل میں واقع انسداد دہشتگردی عدالت میں مصطفیٰ عامر اغوا اور قتل کیس کی سماعت ہوئی
کراچی ( کرائم ڈیسک ) انسداد دہشتگردی عدالت کراچی نے مصطفی عامر کے اغواءاورقتل کیس میں ملزم ارمغان کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 6 دن کی توسیع کر دی،عدالت نے شریک ملزم شیراز کو جوڈیشل ریمانڈ پرجیل بھجوا دیا، ملزم ارمغان کے والدین اور ملزم شیراز کی بہن عدالت میں موجود تھے، سینٹرل جیل میں واقع انسداد دہشتگردی عدالت میں مصطفیٰ عامر اغوا اور قتل کیس کی سماعت ہوئی، کراچی کے علاقے ڈیفنس میں اغوا کے بعد قتل ہونے والے مصطفی عامر قتل کیس کے مرکزی ملزمان ارمغان اور شیراز کے جسمانی ریمانڈ کی مدت ختم ہونے کے بعد دونوں کو انسداد دہشت گردی عدالت نمبرمیں پیش کیاگیا۔
ملزم ارمغان کے کیس کی پیروی وسیم گل جدون ایڈووکیٹ کریں گے۔یاد رہے کہ چند روز قبل انسداد دہشت گردی کی عدالت نے مصطفی عامرقتل کیس میںملزمان ارمغان اور شیرازکے جسمانی ریمانڈ میں مزید5 روز کی توسیع کر دی تھی۔
عدالت نے ملزمان کے میڈیکل چیک اپ کرانے کی بھی ہدایت کی تھی۔ انسداد دہشتگردی عدالت نے آئندہ سماعت پر تفتیش مکمل کرکے پیش رفت رپورٹ طلب کرلی تھی۔
کراچی کی سینٹرل جیل میں اے ٹی سی کی خصوصی عدالت میں مقدمے کی سماعت ہوئی تھی۔ پولیس نے ملزمان ارمغان قریشی اور شیراز کو عدالت میںپیش کیاتھا۔ پولیس کی جانب سے ملزمان کے مزید 14 روز کے ریمانڈ کی استدعا کی گئی تھی۔ تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا تھاکہ ملزمان نے جس لڑکی پر تشدد کیا اسے تلاش کر لیا تھا۔ لڑکی کا بیان ریکارڈ کرنا تھا جبکہ ملزمان کے خلاف ارمغان کے ملازمین کا 164 کا بیان اور شناخت پریڈ کرانی تھی۔
پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا تھا کہ ملزم بہت شاطر تھا۔ ہائی کورٹ کے حکم پر میڈیکل ہوچکا تھا۔ جسمانی ریمانڈ دیا جائے تاکہ تفتیش مکمل ہوسکے۔ ملزم سے ملاقات کی اجازت نہ دی جائے۔ ملاقاتوں سے تفتیش میں رکاوٹ ہوگی۔ملزمان کے وکیل نے جسمانی ریمانڈ کی پولیس کی استدعا کی مخالفت کی تھی۔