خاتون نے سوتن کو قتل کرکے لاش بوری میں بند کرکے چھت پر چھپا دی

5 دن بعد جب تعفن پھیلا تو مقامی افراد نے پولیس کو اطلاع دی، پولیس نے ملزمہ کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کردی

لاہور ( کرائم ڈیسک ) صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں خاتون نے سوتن کو قتل کرکے اس کی لاش بوری میں بند کرکے چھت پر چھپا دی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ لاہور کے علاقے لیاقت آباد میں پیش آیا جہاں ملزمہ سعدیہ نے سوتن کے ساتھ جھگڑے کے دوران اس کے سر پر بیلن دے مارا، جس کے باعث اس کی موت ہوگئی جس پر ملزمہ نے مقتولہ کی لاش بوری میں بند کرکے چھت پر چھپا دی، تاہم 5 دن بعد جب تعفن پھیلا تو مقامی افراد نے پولیس کو اطلاع دی، جس پر پولیس نے ملزمہ سعدیہ کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کردی، پولیس نے معاملے کی تحقیقات کے بعد قانون کے مطابق کارروائی کی یقین دہانی کرادی۔