ٹریننگ سکول والٹن میں اہلکاروں کی بھرتی کے سلسلے میں امیدواروں کا فزیکل فٹنس ٹیسٹ لیا جا رہا تھا جہاں جعلسازی کا انکشاف ہونے پر دونوں کو گرفتار کرلیا گیا
لاہور ( کرائم ڈیسک ) صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں ریلوے پولیس میں بھرتی کیلئے 50 ہزار روپے لے کر دوڑنے والا جعلساز اور اصل امیدوار دونوں پکڑے گئے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں ریلوے پولیس ٹریننگ سکول والٹن میں بھرتی کے لیے فزیکل ٹیسٹ میں شامل ہونے والے جعلساز کو اصل امیدوار سمیت گرفتار کرلیا گیا، اس جعلسازی کا انکشاف اس وقت ہوا جب اہلکاروں کی بھرتی کے سلسلے میں امیدواروں کا فزیکل فٹنس ٹیسٹ لیا جا رہا تھا کہ اس دوران ایک شخص کو مشتبہ جانتے ہوئے اس سے پوچھ گچھ کی گئی تو وہ گھبرا گیا۔
ترجمان ریلوے پولیس نے بتایا کہ ملزم خضر بھرتی کے لیے اصل امیدوار احسن اقبال کی جگہ دوڑ میں شامل ہوا، دوڑ مکمل ہونے کے بعد ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) آپریشنز عبدالرب چوہدری کی نگرانی میں کمیٹی نے جانچ پڑتال کی تو امیدوار جعلی ثابت ہوا، جس کے بعد اصل امیدوار کو بھی موقع پر طلب کرکے گرفتار کرلیا گیا، امیدوار نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ اس نے خضر کو کانسٹیبل بھرتی میں دوڑ کے لیے 50 ہزار روپے دیئے تھے، جس کے بعد ملزمان کیخلاف تھانہ ریلویز پولیس مغلپورہ ورکشاپس میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔
علاوہ ازیں ریلوے پولیس راولپنڈی نے دیانت داری اور فرض شناسی کی مثال قائم کرتے ہوئے ایک لاکھ 17ہزار روپے مالیت کا سامان حقیقی مالک کے حوالے کردیا، مسافر خاتون ٹرین ہزارہ ایکسپریس کے ذریعے فیملی کے ہمراہ کراچی سے حویلیاں ریلوے سٹیشن پہنچی اور اسی دوران اپنا بیگ ٹرین میں ہی بھول گئی، کانسٹیبل فیاض حسین نے چیکنگ کے دوران بیگ کو ٹرین سے ڈھونڈ نکالا، بیگ میں مسافر کے 50 ہزار روپے، قیمتی موبائل فون اور کپڑے موجود تھے، بیگ کو ایس ایچ او حویلیاں کی موجودگی میں حقیقی مالک راحیلہ بی بی کے حوالے کیا گیا، راحیلہ بی بی نے بیگ کی واپسی پر ریلویز پولیس کا شکریہ ادا کیا۔