فائرنگ کی اطلاع ملنے کے بعد بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچی اور لاشوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا
پشاور ( کرائم ڈیسک ) خیبر پختونخواہ کے دارالحکومت پشاور کے علاقہ بڈھ بیر میں گاڑی پر فائرنگ سے 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ رات دیر گئے پیش آیا، فائرنگ کی اطلاع ملنے کے بعد بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچی اور لاشوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا جب کہ پولیس کو ابتدائی تفتیش کے دوران پتا چلا کہ مسلح ملزمان نے گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کی، یہ واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے تاہم حتمی طور پر تفتیش کے بعد ہی کچھ کہا جاسکے گا، واقعے میں ملوث ملزمان کی تلاش شروع کردی گئی۔
قبل ازیں رواں سال جنوری میں بھی پشاور میں کار پر فائرنگ کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق ہوگئے تھے، پولیس نے واقعے کو ذاتی دشمنی کا شاخسانہ قرار دیا تھا، فائرنگ کا یہ واقعہ پشاور کے علاقے تہکال میں پیش آیا تھا، جس کے نتیجے میں ایک شخص زخمی بھی ہوا، جسے ہسپتال منتقل کر دیا گیا تھا، صوبائی دارالحکومت میں فائرنگ کی اطلاعات ملتے ہی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی بڑی تعداد جائے وقوع پر پہنچی۔
پولیس حکام کی جانب سے دعویٰ کیا گیا کہ پشاور کے علاقے تہکال میں فائرنگ کا واقعہ پرانی دشمنی کا شاخسانہ ہے، دو فریقین کے درمیان پرانے تنازع پر فائرنگ کی گئی، جاں بحق ہونے والوں کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے ہپستال بھیجی گئیں جب کہ جائے وقوع پر اہلکاروں کو تعینات کرنے کے بعد متعلقہ حکام کی طرف سے تفتیش کا آغاز کردیا گیا تھا۔