راولپنڈی ( کرائم ڈیسک ) اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے تعلیمی اداروں اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات سمگلنگ کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران 5 کارروائیوں میں 6 ملزمان گرفتار کر لیے۔ اے این ایف ہیڈکوارٹر راولپنڈی سے جاری گزشتہ 24 گھنٹوں کی انسداد منشیات کارروائیوں کی تفصیلات کے مطابق تازہ کارروائیوں میں 3 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی 66.464 کلو گرام منشیات برآمد کی گئیں ۔
مانسہرہ میں کالج کے قریب ملزم کے قبضے سے 300 گرام چرس برآمد کی گئی۔
کراچی میں یونیورسٹی کے قریب ملزم کے شولڈر بیگ میں چھپائی گئی 12 کلو گرام چرس برآمد کی گئی۔ ترجمان نے بتایا کہ گرفتار ملزم نے تعلیمی اداروں کے طلباء کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف بھی کیا ہے۔لاہور میں گلشن راوی روڈ پر ملزم کےسفری بیگ میں چھپائی گئی 22.2 کلو گرام چرس برآمد کر کے ملزم گرفتار کیا گیا۔
ملتان میں شاہ رکن عالم کے قریب 2 ملزمان کے قبضے سے 12 کلو گرام افیون، 16 کلو گرام ہیروئن اور 2 کلو گرام آئس برآمد کی گئی۔ضلع خیبر میں جمرود سے 1.964 کلو گرام آئس برآمد کر کے ایک ملزم گرفتار کیا گیا۔ ترجمان نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔