لاہور میں پولیس انسپکٹر منہ بولے بیٹے کے ہاتھوں اپنے ہی پستول سے قتل

ڈولفن سکواڈ نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے پولیس انسپکٹر سیف اللہ نیازی کے قاتل کو گرفتار کرلیا

لاہور ( کرائم ڈیسک ) صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں پولیس انسپکٹر مکو نہ بولے بیٹے نے اس کے اپنے ہی پستول سے قتل کردیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ لاہور کے علاقہ شیرا کوٹ میں پیش آیا جہاں انسپکٹر سیف اللہ نیازی کو اس کے کار خاص اور منہ بولے بیٹے نے فائرنگ کرکے قتل کردیا، سیف اللہ نیازی شیرا کوٹ کے علاقے بابو صابر کے قریب رہائش پذیر تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ انسپکٹر سیف اللہ نیازی نے کسی بات پر عدیل کو ڈانٹا، جس سے دلبرداشتہ ہوکر ملزم نے طیش میں آکر فائرنگ کردی، فائرنگ کی زد میں آکر سیف اللہ نیازی موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا، ملزم نے انسپکٹر کے پستول سے ہی انہیں قتل کیا، نوجوان کو انسپکٹر نے بیٹا بنایا ہوا تھا۔ بتایا گیا ہے کہ شیرا کوٹ ڈولفن سکواڈ نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے پولیس انسپکٹر کے قاتل کو گرفتار کرلیا، ڈولفن کی ٹیم فائرنگ کی آواز سن کر موقع پر پہنچی، ڈولفن ٹیم نے ملزم عدیل کے فرار کی کوشش ناکام بنا دی، فائرنگ کے واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، پولیس نے لاش تحویل میں لے کر جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے لاش مردہ خانے منتقل کردی اور واقعے کی مزید تحقیقات بھی شروع کردی گئیں۔