شیخوپورہ میں کھانسی کا جعلی شربت بنانے والی فیکٹری پکڑی گئی

ملزم نے گھر میں ہی فیکٹری کھول رکھی تھی جہاں جعلی سیرپ تیار کرکے مقامی میڈیکل سٹور پر فروخت کرتا تھا

شیخوپورہ ( کرائم ڈیسک ) صوبہ پنجاب کے ضلع شیخوپورہ میں کھانسی کا جعلی شربت بنانے والی فیکٹری پکڑی گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق شیخوپورہ کی تحصیل صفدرآباد کے علاقہ سعید نگر میں سکیورٹی اداروں اور پولیس کی جانب سے ایک مشترکہ آپریشن کیا گیا جس میں جعلی شربت بنانے والی فیکٹری پکڑی گئی، آپریشن کے دوران کھانسی کے جعلی سیرپ کی 25 ہزار بوتلیں، مضرصحت خام مال اور شربت کے 6 ڈرم برآمد ہوئے۔
پولیس حکام نے بتایا ہے کہ ملزم اسلم نے گھر میں فیکٹری کھول رکھی تھی، ملزم جعلی سیرپ مقامی میڈیکل سٹور پر فروخت کرتا تھا تاہم سکیورٹی اداروں اور پولیس کے مشترکہ آپریشن سے پہلے ہی ملزم اسلم موقع سے فرار ہوگیا جب کہ متعلقہ حکام نے اس حوالے سے مزید تحقیقات کا بھی آغاز کردیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ برس پاکستان میں نجی فارما کمپنی کے کھانسی کے سیرپ میں نقصان دہ اجزاء کی تصدیق پر ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) کی جانب سے الرٹ جاری کیا گیا تھا، کھانسی کا یہ شربت پاکستان بھر میں بھی سپلائی کیا جا چکا تھا جس کے بعد ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈراپ) نے بھی نقصان دہ اجزا والے کھانسی کے شربت مارکیٹ سے اٹھانے کی ہدایت جاری کی تھی، کھانسی کا یہ شربت مالدیپ اور فجی سمیت 4 ممالک کو برآمد کیا گیا جس میں مالدیپ کی شکایت کے بعد ڈبلیو ایچ او نے اس شربت میں الکوحل کی مقدار زیادہ ہونے کی تصدیق کی تھی۔