کرک اور صوابی میں فائرنگ کے واقعات میں 2 کانسٹیبل شہید ، پولیو ورکر زخمی

ٹیری کے علاقے شیخان میں پولیو ٹیم پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے، صوابی میں نامعلوم موٹرسائیکل سوار ملزمان نے پولیس کانسٹیبل پر فائرنگ کر دی، لاشوں و زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا

کرک ( کرائم ڈیسک ) خیبرپختونخواہ کے ضلع کرک اور صوابی میں فائرنگ کے دو مختلف واقعات میں 2 کانسٹیبل شہید جبکہ ایک اہلکار اور پولیو ورکر بھی زخمی ہوگیا، بنوں میں مارٹر گولے ملنے سے علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا، ریسکیو اہلکاروں نے لاشوں و زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا،تفصیلات کے مطابق کرک میں ٹیری کے علاقے شیخان میںپولیو ٹیم پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے ۔
نامعلوم افراد کی فائرنگ سے کانسٹیبل شہید ہوگیا جبکہ پولیو ورکر زخمی ہوا۔پولیس کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا۔ دوسری جانب صوابی میں نامعلوم موٹرسائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے پولیس کانسٹیبل شہید ہوگیا۔ فائرنگ کا واقعہ تھانہ فارمولے کے حدود میں پیش آیا۔
جاں بحق پولیس اہلکار کی لاش ہسپتال منتقل کردی گئی۔

پولیس نے ملزمان کی تلاش شروع کردی۔اسی طرح بنوں میں بھی تھانہ صدر کی حدود میں پولیو ورکر پر فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں پولیو ورکر حیات اللہ خان زخمی ہوگیا، زخمی ورکر کو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔پولیس کے مطابق واردات کے بعد ملزمان فرار ہوگئے۔ بنوں کے تھانہ اتمانزئی وزیر سب ڈویڑن میں دو مارٹر گولے برآمد ہوئے۔سین تنگہ کے علاقے میں برآمد ہونے والے ایک گولے کو مقامی لوگوں نے بلاسٹ کیا جبکہ دوسرے گولے کو ناکارہ بنانے کیلئے بم ڈسپوزل یونٹ طلب کیا گیا۔
پولیس کے مطابق چند روز قبل اسی علاقے میں مارٹر گولے کے ساتھ کھیلتے ہوئے مدرسے کے تین طلباءجاں بحق ہوگئے تھے۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز بھی خیبرپختونخوا ہ کے ضلع کرم میں گھر کے اندر نامعلوم افراد کی گائرنگ سے پولیس کانسٹیبل شہید ہوگیا تھا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق نامعلوم افراد نے گھر میں گھس کر پولیس کانسٹیبل عمر خان کو نشانہ بنایا اور موقع سے فرار ہوگئے تھے۔
پولیس کے مطابق مطابق ضلع سنٹرل کرم میں نامعلوم عسکریت پسندوں نے پولیس کانسٹیبل عمر خان ولد شعلی مولا کو گھر میں گولی مار کر شہید کر دیا تھا۔مقامی ذرائع کے مطابق کانسٹیبل عمر خان چھٹی پر گھر آیا ہوا تھا۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ مقتول کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا تھا۔